چیئرمین پی ٹی آئی و دیگر ملزمان کیخلاف ٹرائل کا آغاز، آج عدالت پیش ہونے کی ہدایت
جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس و دیگر دہشتگردی کے 5 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ٹرائل آغاز کردیا گیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف چالان جمع کروادیا جس میں عمران خان سمیت تمام افراد کو ملزمان قرار دیا گیا ہے۔
عدالت نے عمران خان سمیت تمام ملزمان کو آج طلب کر رکھا ہے، جنہیں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، پیشی پر ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر، علی نواز اعوان سمیت دیگر ملزمان کے خلاف تھانہ سنگجانی، تھانہ رمنا اور تھانہ گولڑہ میں 5 مقدمات درج ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو تھانہ گولڑہ اور تھانہ سنگجانی کے مقدمے میں طلبی کا نوٹس زمان پارک پہنچایا گیا جہاں احمد اویس نے نوٹس وصول کیا۔
طلبی کا نوٹس انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ان تمام 5 مقدمات میں ضمانت پر ہیں۔
گزشتہ روز دوران سماعت جج ابو الحسنات نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کو پہلے یہاں بلا لیں، بادشاہوں والی بات ہے، انہیں پتہ نہیں کیس کال ہوگیا ہے؟ رجسٹرار کو فون کریں، انہیں کہیں پہلے یہاں بھیجیں۔
جج ابوالحسنات نے کہا کہ بلی کے گلے میں گھنٹی کون ڈالے گا؟ ہم نے اس ملک کو بچانا ہے، انصاف پرمبنی تفتیش کریں، میں بہت کلیئر بندہ ہوں، اس پر میں سمجھوتہ نہیں کروں گا، تفتیش میں کوئی بے انصافی ہوئی تو نہیں چھوڑوں گا، میں قانون کے مطابق پولیس کیخلاف کارروائی کروں گا۔
Comments are closed on this story.