تحریک انصاف کے رہنما شیخ مظہر عباس نے بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیا
پی ٹی آئی رہنما و سابق چیئرمین فوڈ کمیٹی ملتان شیخ مظہر عباس نے بھی تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا۔
9 مئی کے واقعات کے بعد سے تحریک انصاف کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 100 سے زائد رہنما پارٹی سے راہیں جدا کرچکے ہیں، اب پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق چیئرمین فوڈ کمیٹی شیخ مظہر عباس نے بھی پارٹی سے اعلان لاتعلقی کردیا ہے۔ شیخ مظہر عباس پی ٹی آئی ملتان کی سوشل میڈیا ٹیم کے ہیڈ بھی رہ چکے ہیں۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ مظہر نے سانحہ 9 مئی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس روز پاک فوج کے شہداء کے مجسموں کو توڑ دیا گیا، حساس مقامت پر حملے کئے گئے، ان واقعات سے ہم نے دشمن ملک کو کیا پیغام دیا۔
شیخ مظہر کا کہنا تھا کہ9 مئی کے افسوس ناک واقعات کی پر زور مذمت کرتے ہیں، ہم نوجوان اپنی فوج کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر کھڑے ہوں گے، اگر کوئی 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہے تو اسے سزا ملنی چاہیئے۔
سابق رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ملتان کے 6 نوجوانوں کا فوجی ٹرائل ہورہا ہے، اب چیئرمین پی ٹی آئی گرفتار کارکنوں سے اظہار لا تعلقی کر رہے ہیں، یہ نوجوان اس راہ پر کس کے کہنے پر چلے تھے، آج ان گرفتار کارکنوں کے پاس وکیل کرنے کے لئے بھی پیسے موجود نہیں ہیں، گرفتاریوں کے حوالے سے صرف شاہ محمود قرییی سے نہیں سب سے بات ہوئی تھی، لیکن کسی نے ہماری نہیں سنی، اب ہمارا پی ٹی آئی سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔
Comments are closed on this story.