Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

اداکار شکیل یوسف نے آخری فون میں کون سی خواہش کا اظہار کیا؟

ہدایتکار واداکار احتشام الدین نے انکشاف کردیا
شائع 04 جولائ 2023 11:22pm

معروف پاکستانی ڈرامہ اڈاری کے ہدایتکار احتشام الدین نے حال ہی میں انتقال کرجانے والے لیجنڈری اداکار شکیل یوسف کے ساتھ اپنی آخری گفتگو کو تحریر کرکے سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا۔

ہدایتکار احتشام الدین نے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ شکیل یوسف ایک ڈرامہ بنانا چاہتے تھے اور اداکار کا خیال تھا کہ اس ڈرامے میں ان کی پرفارمنس تاریخی ہوگی۔

انہوں نے اپنی اور شکیل یوسف کی ہونے والی گفتگو کو تحریری شکل دے کر انسٹاگرام پوسٹ کیا جس میں لکھا ہے کہ شکیل یوسف نے انہیں اطلاع دی کہ ڈرامے کا اسکرپٹ انور مقصود فائنل کررہے ہیں اور شکیل کی خواہش ہے کہ اسے وہ (احتشام) ڈائریکشن دیں۔

انہوں نے لکھا کہ مرحوم اداکار کی پیشکش پر وہ فوری راضی ہوگئے اور انہوں نے شکیل یوسف کو بتایا کہ اس ڈرامے کو ہدایت کاری دینا ان کیلئے اعزاز ہوگا۔

ہدایتکار احتشام الدین کی جانب سے شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق اداکار شکیل نے مزید کہا کہ میں جانتا ہوں، میں ایک اداکار ہوں، میں پرفارم کرنا جانتا ہوں، میں جانتا ہوں کہ کب شائقین تعریف میں تالیاں بجاتے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ میری آخری پرفارمنس یادگار رہے جو ہمیشہ قائم رہے۔

احتشام الدین کے مطابق لیجنڈری اداکار اپنے ڈرامے کیلئے بہت پوجوش تھے اور ان کی آواز سے محسوس نہیں ہوتا تھا کہ وہ دنیا چھوڑنے والے ہیں۔

ہدایت کار احتشام الدین نے کہا کہ ہم انور مقصود صاحب کے پاس نہ جا سکے، ان کا کردار یادگار نہ بن سکا اور ان کی خواہش پوری نہ ہوئی۔

واضح رہے کہ شکیل یوسف 29 جون 2023 کو 85 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔

احتشام الدین ان دنوں ڈرامہ کچھ ان کہی جبکہ عید الاالضیٰ پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم وی آئی پی میں نظر آرہے ہیں ۔

shakeel yousuf