Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پرویز خٹک کے چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق بیان میں کوئی حقیقت نہیں، اسد قیصر

الیکشن میں پی ٹی آئی اکیلے ان سب کا مقابلہ کرے گی، سابق اسپیکر قومی اسمبلی
شائع 04 جولائ 2023 01:46pm
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رہنما تحریک انصاف اسد قیصر۔ فوٹو — فائل
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رہنما تحریک انصاف اسد قیصر۔ فوٹو — فائل

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے پرویز خٹک کے چیئرمین پی ٹی آئی کے 9 مئی واقعات میں ملوث ہونے کے دعوے کی تردید کردی۔

پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پرویز خٹک کے بیان میں کوئی حقیقت نہیں، خیبر پختونخوا کے عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اس وقت ایک سوالیہ نشان ہے، قانون کی حکمرانی اورعدالتوں کا احترام نہ ہو تو ملک نہیں چلتا، حکمران فیصلہ بھی دبئی اور لندن میں کرتے ہیں۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) معاہدے میں جشن منایا، آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل عوام کے سامنے لائی جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے، عوام دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں پی ٹی آئی اکیلے ان سب کا مقابلہ کرے گی، انتخابات میں تمام پارٹیوں کو یکساں موقع دیا جائے، الیکشن لڑنا ہمارا آئینی حق ہے، لہٰذا ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پرویز خٹک کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ 9 مئی کا واقعہ چیئرمین کا چند لوگو ں سے مشاورت کا نتیجہ ہے، پارٹی چیئرمین کو ہمیشہ مثبت سیاست اور مثبت سوچ کا درس دیا لیکن ان کی سوچ اور ایجنڈا کچھ اور تھا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ فوجی تنصیبات اور ریڈیو پاکستان پر حملے منظم ایجنڈے کے تحت کیےگئے، سینئر قیادت نے پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں نہیں لیا، ان کی کی مشاورت چند لوگوں کے ساتھ تھی۔

pti

imran khan

Asad Qaiser

peshawar

Pervez Khattak