Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کیخلاف دوسرے روز بھی احتجاج، جماعت اسلامی کا مارچ

مظاہرین کا سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ
شائع 03 جولائ 2023 07:43pm

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف اسلام آباد میں جماعت اسلامی کا احتجاجی مارچ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم کی قیادت میں شروع ہوا، جو ایف سکس سے سویڈن سفارتخانہ تک جائے گا۔

جماعت اسلامی کی ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں، جب کہ مظاہرین سویڈن میں عدالتی سرپرستی میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کررہے ہیں سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔

احتجاجی مارچ میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔

جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان سویڈن حکومت کی آشیر باد سے رونما ہو نے والے اس واقعہ کے خلاف بھر پور احتجاج ریکارڈ کروائیں، یہ واقعہ دنیا کے امن کو تباہ اور آگ لگا نے کے مترادف ہے۔

قیصر شریف کا کہنا تھا کہ سویڈن یا یورپ میں قرآن پاک کے بے حرمتی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، افسوسناک امر یہ ہے کہ اسٹاک ہوم پولیس کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اجازت دی گئی۔

مالاکنڈ کے وکلا اور جوڈیشری اسٹاف کاااحتجاج

مالاکنڈ بٹ خیلہ میں وکلا اور جوڈیشری اسٹاف کی جانب سے سویڈن حکومت کے خلاف احتجاج مظاہرہ کیا گیا، اور مظاہرین نے ڈسٹرکٹ کورٹس سے پریس کلب تک ریلی نکالی نکالی۔

وکلاء نے سویڈن ایمبیسی کو فوری بند کرکے سفیرکو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان تمام مذاہب اور آسمانی کتابوں کو اپنی مذہب کاحصہ مانتے ہیں، قرآن کریم مسلمانوں کی ریڈلائن ہے، گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔

خیبرپختونخوا بار کونسل کا آج یوم سیاہ منانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا بار کونسل نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف یوم سیاہ منایا، اور صوبہ بھر کے وکلاء نے پرامن احتجاج میں شرکت کی۔

وکلاء کالی پٹیاں باندھ کرعدالتوں میں پیش ہوئے اور کہا کہ نفرت انگیز اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ نفرت و تعصّب پر مبنی حرکت نے مسلمانوں کے دلوں کو گہری چوٹ پہنچائی، اس حرکت کا مسلمانوں میں غصّہ و اشتعال دلوانے کے علاوہ کوئی مقصد نہیں، حکومت اقوام متحدہ کے ذریعے پراپیگنڈا روکنے کیلئے اقدامات کرے۔

خان پور میں احتجاجی مظاہرہ

سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف خان پور کے درخواستی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مظاہرین نے دہشتگرد ملک سویڈن مردہ باد کے نعرے لگائے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سلیمان نواز وینس کا کہنا تھا کہ کافروں کی غلیظ حرکتوں کا حل صرف جہاد ہے، قوم کا بچہ بچہ پاک فوج کیساتھ سویڈن سے بدلہ لینے کیلئے تیار ہے۔

منظور قریشی ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ حکومت اسلامی ممالک کا مشترکہ اجلاس بلائے اور سویڈن پہ پابندیاں لگائی جائیں۔

ملک اظہر نے کہا کہ سویڈن اور فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ جب کہ کامران قریشی کا کہنا تھا کہ تمام اسلامی ممالک اٹھ کھڑے ہوں۔

Jamat e Islami

Holy Quran

DESECRATION OF THE HOLY QURAN IN SWEDEN