اسلام آباد، لاہور، مری، جہلم اور آزاد کشمیر میں بارش، موسم خوشگوار
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مون سون ہوائیں اثر دیکھانے لگی، شہر اقتدار میں کالے بادلوں نے انٹری ڈال دی۔
اسلام آباد میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش اور ٹھندی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
مری اور گردونواح میں بھی بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
ملکہ کوہسار میں موسم حسین ہوا تو سیاحوں کے چہرے بھی خوشی سے کھل اٹھے۔
اس کے علاوہ میرپور آزاد کشمیر میں بھی تیز بارش کے باعث جل تھل ایک ہوگیا۔
مظفرآباد میں شدید گرمی کے بعد اچانک بارش ہونے سے درجہ حرارت گرگیا اور گرمی کی شدت کم ہوگئی۔
بارش کے باعث مظفرآباد شہر اور گردونواح کا موسم خوشگوار ہوگیا۔
لاہور میں تیز آندھی کے بعد موسلا دھار بارش شروع ہوگئی، بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا جبکہ موسم خوشگوار ہوگیا۔
بارش ہونے سے شدید گرمی اور حبس سے نڈھال شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔
جہلم شہر اور گردونواح میں بھی آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش ہوئی ہے، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گی جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔
ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی طوفان کے ساتھ شدید بارشیں متوقع
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے پہلی مون سون بارشوں کا سلسلہ 3 تا 8 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی طوفان کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری اورعملے کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ایمرجنسی میڈیکل عملہ کی موجودگی یقینی بنائے، سیاح اور مسافر سفر سے قبل موسمی حالات سے با خبر رہیں، متعلقہ ادارے سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقہ مکینوں کو پیشگی اطلاع فراہم کریں۔
کراچی میں 7 اور 8 جولائی کو بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے کراچی میں 7 اور 8 جولائی کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق7 اور 8 جولائی کو کراچی میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے کیوںکہ مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کیروشنی میں بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جس کے باعث کراچی کے کچھ مقامات پر تیز اور موسلادھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی خیبرپختونخوا میں آج سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں آج سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی تاہم بالائی اضلاع میں لینڈسلائیڈنگ اور پشاور سے سمیت بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ صوبے کے سیاحتی اضلاع بالاکوٹ، ناران، کاغان، گلیات، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آج سے صوبے کے مختلف مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کردی۔
بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور کچھ علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات خیبرپختونخوا نے کل سے مختلف مقامات پر مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے 8 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کو تیار
لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کو تیار ہے پی ڈی ایم اے نے تمام محکمہ جات کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
انتہا کی گرمی اور پسینے میں شرابور کر دینے والے حبس نے شہریوں کا برا حال کر رکھا ہے، ایسے میں محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کی نوید سنادی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ چوہدری محمد اسلم کا کہنا ہے کہ بارشیں 8 جولائی تک جاری رہیں گی۔
بارشوں کی پیشگوئی پر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بھی واسا، ایل ڈبلیو ایم سی اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام محکموں کو الرٹ جاری کردیا ہے۔
ڈائریکٹر انفارمیشن کا کہنا ہے کہ اربن فلڈنگ کی بھی تیاری کر رہے ہیں، فلڈ اور اربن فلڈنگ کے لیے ریلیف کیمپس لگا دیے جائیں گے۔
بارشوں کا نیا سسٹم 3 جولائی سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں برسے گا اور 3 جولائی کو ہی ضلعی انتظامیہ لاہور نے انتظامات پر اجلاس بلایا ہے، اقدامات کب تک ہوں گے یہ کوئی نہیں جانتا۔
Comments are closed on this story.