Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

برطانوی اسپیشل فورسز کے ہاتھوں 80 افغان باشندوں کے مبینہ قتل کا انکشاف

فوجی افغانوں کو الگ لے جاتے اور ہتھیار برآمد ہونے کا کہہ کر انہیں قتل کر دیا جاتا۔
شائع 03 جولائ 2023 10:56am
علامتی تصویر بزریعہ روئٹرز
علامتی تصویر بزریعہ روئٹرز

افغانستان میں مارے گئے افغان باشندوں کے سوگوار خاندانوں کی نمائندگی کرنے والے وکلاء کا کہنا ہے کہ 80 افغان باشندے ایسے ہیں جو 2010 اور 2013 کے درمیان تین الگ الگ برطانوی اسپیشل ائر سروس (ایس اے ایس) یونٹوں کے ہاتھوں مارے گئے۔

دی گارڈین کے مطابق خیال کیا جاتا ہے کہ ان ایلیٹ برطانوی سپاہیوں میں سے ایک نے چھ ماہ کے دورے پر 35 افغان باشندوں کو ”نجی طور پر ہلاک“ کیا تھا۔

تمام لڑنے کی عمر کے مردوں کو ختم کرنے کی مبینہ پالیسی کے تحت افغانوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔

ایس اے ایس فوجی مبینہ طور پر افغانوں کو ان کی فیملی سے الگ لے جاتے اور پھر ان سے ہتھیار برآمد ہونے کا کہہ کر انہیں قتل کر دیا جاتا۔

لیکن پانچ ایسے واقعات تھے جہاں قتل کئے جانے افراد افراد کی تعداد ملنے والے ہتھیاروں کی تعداد سے زیادہ تھی۔

ان تازہ دعوؤں کا حوالہ ایک قانونی فرم Leigh Day کی طرف سے جمع کرائی گئی ایک دستاویز میں دیا گیا ہے، جو وزارت دفاع کے سابقہ عدالتی انکشافات کی بنیاد پر افغانستان میں ایس اے ایس فوجیوں کے جنگی جرائم کے ارتکاب کے بارے میں ایک نئی عوامی انکوائری کے لیے پیش کی گئی ہے۔

جون 2011 اور مئی 2013 کے درمیان، وکلاء کی طرف سے 25 مشتبہ اموات ریکارڈ کی گئیں، جس میں یہ الزام بھی شامل تھا کہ ایس اے ایس کے ایک چھاپے میں چار یا پانچ افغان ہلاک ہوئے، لیکن صرف ایک دستی بم ملا۔

صوبہ ہلمند میں برطانیہ کی طویل اور خونریز فوجی تعیناتی کے آخری مراحل میں، جو 2014 میں ختم ہوئی، ایس اے ایس کے ایلیٹ برطانوی فوجی طالبان جنگجوؤں کی تلاش میں اکثر رات کے وقت گھروں پر چھاپے مارتے تھے۔

لی ڈے کا استدلال ہے کہ 2010 اور 2013 کے درمیان ’کم از کم 30 مشتبہ واقعات ہوئے جن کے نتیجے میں 80 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے‘، لیکن اب تک اس کی کوئی آزاد عوامی تحقیقات نہیں ہوئی ہے کہ ہوا کیا تھا۔

پہلے اندازہ یہ تھا کہ ایک واحد ایس اے ایس یونٹ نے 54 افغان مارے تھے، لیکن اب وکلاء کا کہنا ہے کہ زیادہ برطانوی فوجی ملوث ہیں۔

ملٹری پولیس نے 2014 میں آپریشن نارتھمور کا آغاز کیا، جو کہ افغانستان میں برطانوی افواج کے 600 سے زائد جرائم کے الزامات کی تحقیقات کا نام ہے۔

اس آپریشن میں ایس اے ایس کے ہاتھوں شہریوں کا مبینہ قتل بھی شامل ہے۔

اس آپریشن کو 2017 میں وزراء نے ختم کر دیا تھا اور 2019 میں بند کر دیا گیا تھا، اور ایم او ڈی نے کہا کہ جرائم کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

وکلاء نے یہ بھی استدلال کیا کہ اس کے بعد کے سالوں میں ایک وسیع، کثیر الجہتی اور برسوں پر محیط کور اپ کیا گیا جس میں سینئر افسران، اہلکار اور متعدد پوچھ گچھ کو چھپایا گیا۔

ایک موقع پر، ملٹری پولیس نے برطانیہ کی خصوصی افواج کی قیادت کو حکم دیا کہ وہ اپنے سرور پر موجود کسی بھی مواد کو حذف نہ کریں۔

تاہم، اس حکم کی براہ راست خلاف ورزی کرتے ہوئے، اسپیشل فورسز کے ہیڈ کوارٹر کے عملے نے ملٹری پولیس کے تفتیش کاروں کے جانچ کے لیے پہنچنے سے کچھ دیر پہلے مستقل طور پر ڈیٹا کی ایک نامعلوم مقدار کو حذف کر دیا۔

afghanistan

SAS Units

Afghan Murders