محکمہ موسمیات کی کراچی میں مون سون بارشوں سے متعلق اہم پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون بارشوں کا آغاز وسط جولائی تک ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے بعد ہی گرمی کی شدت میں کمی دیکھی جاسکے گی۔
کراچی میں شہریوں نے عید کا تیسرا دن بھی سخت گرمی میں گزارا۔ محکمہ موسمایت کے مطابق شہر میں درجہ حرارت 37 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد رہا، شدید نمی کے باعث گرمی کی شدت 44 ڈگری تک محسوس کی گئی۔
اندرون سندھ بھی سورج قہر برسا رہا ہے، خیر پور میں درجہ حرارت 44 ڈگری سے اوپر جا پہنچا۔
لاڑکانہ ، شہید بینظیر آباد اور روہڑی میں پارہ 43 ڈگری رہا، جیکب آباد اور دادو میں پارہ 42، سکھر 41، حیدرآباد 40 جبکہ میرپور خاص میں 39 ڈگری ریکارڑ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر میں گرمی کا زور آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کی توقع ہے جبکہ رات کے اوقات میں کراچی کے کچھ علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مون سون بارشوں کا آغاز وسط جولائی تک ہونے کا امکان ہے جس کے بعد ہی گرمی کی شدت میں کمی دیکھی جاسکے گی۔
آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں موسم کیسا رہے گا؟
دوسری جانب عید کے تیسرے روز بھی ملک بھر میں سورج کی تپش میں اضافہ دیکھا گیا، آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہے گا تاہم مشرقی پنجاب،زیریں خیبر پختونخوا، کشمیر اورملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے گرمی کی لہر کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ آئندہ 2 روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش گوجرانوالہ، ڈی آئی خان میں 33، سیالکوٹ 17 اور سبی میں 7 ملی میٹر ہوئی جبکہ نوکنڈی کا درجہ حرارت 47 ڈگری سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
Comments are closed on this story.