Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور: بجلی کی ہائی ولٹیج تاریں موٹر سائیکل سواروں پر گر گئی، دو افراد جاں بحق

ورثاء کی درخواست ملنے پر مقدمے کا اندراج کیا جائے گا، ذرائع
شائع 01 جولائ 2023 10:48am
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ہائی وولٹیج تاریں زمین پر گرنے سے ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق جب کہ دو زخمی ہوگئے۔

ماڈل ٹاؤن کیو بلاک میں ہائی وولٹیج تاریں موٹر سائیکل پر سوار بد قسمت خاندان پر گر گئیں جس کے نتیجے میں موقع پر ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی شناخت فاطمہ کے نام سے ہوئی جب کہ اسی خاندان سے تعلق رکھنے والی عائشہ اور اسکا شوہر شہباز بھی جھلس گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ افراد کو اہل محلہ نے ریسکیو کی مدد سے جنرل اسپتال منتقل کیا جہاں شہباز کی بھی موت واقع ہو گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسی سڑک سے گزرنے والا دوسرا موٹرسائیکل سوار نوید بھی بجلی کی تاروں سے کرنٹ کی زد میں آکر زخمی ہوگیا جسے جنرل اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اہل علاقہ کے مطابق ایک ماہ سے علاقے میں بجلی کے لوڈ کا مسئلہ چل رہا تھا، تار سے اسپارکنگ کی وجہ سے متعدد بار چنگاریاں نکلیں جس پر لیسکو کو بجلی کا مسئلہ حل کرنے کی درخواست کی تھی لیکن شنوائی نہیں کی گئی۔

پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد فاطمہ اور شہباز کی لاش کو مردہ خانہ پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کر دیا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ورثاء کی درخواست ملنے پر مقدمے کا اندراج کیا جائے گا۔

electricity

lahore