Aaj News

بدھ, نومبر 20, 2024  
17 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹائٹن آبدوز کے ملبے سے انسانی باقیات برآمد

ٹائٹن آبدوز کا ملبہ نکال لیا گیا۔
شائع 29 جون 2023 11:27am

امریکی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ بدھ کو نکالے گئے ٹائٹن آبدوز کے ملبے سے ممکنہ انسانی باقیات برآمد ہوئی ہیں۔

ٹائی ٹینک جہاز کے ملبے کو دیکھنے کی کوشش کے دوران ٹائٹن آبدوز لاپتا ہوگئی تھی، حکام کا خیال تھا کہ اس دوران آبدوز سمندری پریشر نہیں جھیل پائی اور دھماکے سے پھٹ گئی، جس میں دو پاکستانی باپ بیٹے سمیت پانچ افراد مارے گئے تھے۔

یو ایس کوسٹ گارڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’امریکا کے طبی پیشہ ور افراد ممکنہ انسانی باقیات کا باضابطہ تجزیہ کریں گے‘۔

کیپٹن جیسن نیوباؤر، جو اس سانحے کی تحقیقات کی قیادت کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ’میں غیر ملکی سمندر کی گہرائی سے ملنے والے اس اہم ثبوت کو محفوظ کرنے کے لیے مربوط بین الاقوامی اور انٹرایجنسی تعاون کے لیے شکر گزار ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ ثبوت متعدد بین الاقوامی دائرہ اختیار کے تفتیش کاروں کو اس سانحے کی وجہ کے بارے میں اہم بصیرت فراہم کرے گا۔‘

لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ابھی بھی ان عوامل کو سمجھنے کے لیے کافی مقدار میں کام کرنا باقی ہے جو ٹائٹن کی تباہی کا باعث بنے‘۔

اتوار کو ایک نیوز کانفرنس میں حکام نے کہا کہ اگر ملبہ نکالنے کے دوران سمندر کی تہہ میں انسانی باقیات ملتی ہیں تو اس حوالے سے تفتیش کاروں نے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کر رکھی ہیں۔  

ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والی حیاتیاتی سمندری ماہر پروفیسر سوزان نیور نے اسکائی نیوز کو بتایا کہ سمندر میں گہرے دباؤ کی وجہ سے ممکنہ طور پر تیزی سے اور مہلک دھماکے کا امکان ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں حیران ہوں باقیات موجود ہیں …. (لیکن) ظاہر ہے کہ جسم اچانک غائب نہیں ہوجاتا‘

اٹھارہ جون کو ٹائٹن کے بحری جہاز پولر پرنس سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد ایک گھنٹہ اور 45 منٹ کے بعد تلاش اور بچاؤ آپریشن شروع ہوا۔

رابطہ منقطع ہونے کے آٹھ گھنٹے بعد جہاز کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی۔

لیکن ٹائی ٹینک کے ملبے سے تقریباً 487 میٹر دور ملبے کے ٹکڑے ملنے کے بعد ریسکیو مشن پانچ دن بعد ختم ہو گیا۔

جہاز میں تین برطانوی شہری ارب پتی ہمیش ہارڈنگ، پاکستانی تاجر شہزادہ داؤد اور ان کا 19 سالہ بیٹا سلیمان شامل تھے۔

ٹائی ٹینک کے ماہر پال ہنری نارجیولیٹ اور اوشین گیٹ کے چیف ایگزیکٹو اسٹاکٹن رش جو کہ آبدوز کی مالک بھی تھی، دھماکے میں مارے گئے۔

بدھ کے روز نئی تصاویر میں دکھایا گیا کہ سینٹ جانز، نیو فاؤنڈ لینڈ میں کینیڈا کے کوسٹ گارڈ جہاز ہورائزن آرکٹک سے دھاتی ملبے کے کئی ٹکڑے اتار رہے ہیں۔

ایک تصویر میں مڑے ہوئے دھات کا ایک بڑا، سفید ٹکڑا دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک اور ملبہ کیبلز اور دیگر مکینیکل حصوں سے بھرا ہوا تھا۔

کرینوں کے ذریعے اٹھائے جانے سے پہلے ملبے کو ترپال کی بڑی چادروں سے ڈھانپ دیا گیا تھا۔

Titanic

Titan Sub

Human Remains On Titan Sub

Titan Sub Wreckage