Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عراق کا برطانیہ میں داعش کے حملے کی سازش ناکام بنانے کا دعویٰ

یہ دہشت گرد برطانوی شہری ہیں، عراقی جنرل
شائع 29 جون 2023 09:34am
جنرل عبدالوہاب السعدی (تصویر: دی مرر)
جنرل عبدالوہاب السعدی (تصویر: دی مرر)

عراق نے برطانیہ میں داعش کے حملے کی سازش ناکام بنانے کا دعویٰ کردیا۔

عراقی جنرل عبدالوہاب السعادی کے مطابق عراق کے صحرائی علاقے میں آپریشن کے دوران داعش کے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

عراقی جنرل کا کہنا ہے کہ عراق میں موجود دہشت گرد برطانیہ میں اپنے ساتھیوں سے رابطے میں تھا، جو برطانیہ، فرانس، بیلجیم اور جرمنی کو ہدف بنانے کی سازش کر رہے تھے۔

جنرل عبدالوہاب السعدی نے امریکی خبر رساں ادارے ”دی مرر“ سے خصوصی گفتگو میں خبردار کرتے ہوئے کہا ’ہم جانتے ہیں کہ داعش برطانیہ میں مقیم دہشت گردوں سے بات کر رہی ہے اور ہم جانتے ہیں کہ وہ کیا منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ یہ ایک بڑا حملہ ہے۔‘

ان کی ”گولڈن ڈویژن“ نامی ایلیٹ اسپیشل فورسز نے کچھ دن پہلے صحرا کے ایک ٹھکانے میں درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کے بعد برطانیہ کے خلاف ایک بین الاقوامی سازش کے چونکا دینے والے منصوبوں کا پتہ لگایا۔

ساٹھ سالہ جنرل السعدی نے بتایا، ’ہمیں پتا چلا کہ عراق سے باہر برطانیہ اگلا ہدف ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’گذشتہ چند ہفتوں میں ہم نے داعش یا اسلامک اسٹیٹ کے خلاف بڑی کارروائیاں کیں اور بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک کیا، ان میں سے تقریباً پانچ کافی سینئر تھے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ ہمیں اپنے حالیہ چھاپوں میں سے ایک کے مقام پر جو معلومات ملی ہیں اس سے اگلا مطلوبہ دہشت گرد حملہ برطانیہ میں ہوگا۔‘

’دہشت گرد برطانوی شہری ہیں‘

برطانوی سیل کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا ’یہ دہشت گرد برطانوی شہری ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں یہ نہیں بتا سکتا کہ وہ جو حملہ کرنا چاہتے ہیں وہ کس شکل میں ہوگا، یہ کار، چاقو، بندوق یا بم حملہ ہو سکتا ہے۔‘

انہوں نے کہا ’ہم نے تمام معلومات برطانوی حکام کو دے دی ہیں تاکہ وہ اس کے بارے میں جان جائیں۔‘

Britain

Iraq

ISIS

Attack Plan Foil