Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سعودی عرب میں امریکی قونصل خانے کے قریب فائرنگ، سیکیورٹی اہلکار اور حملہ آور ہلاک

مسلح شخص کار میں سوار ہو کر آیا، گاڑی کھڑی کی اور فائرنگ شروع کردی۔
شائع 29 جون 2023 09:13am
علامتی تصویر: اے ایف پی
علامتی تصویر: اے ایف پی

سعودی عرب کے شہر جدہ میں امریکی قونصل خانے کے قریب مسلح شخص کی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، سعودی سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مسلح شخص اور ایک نیپالی سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہوگیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق مسلح شخص کار میں سوار ہو کر آیا، گاڑی کھڑی کی اور فائرنگ شروع کردی۔

عرب میڈیا کے مطابق فائرنگ سے نیپالی سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے فوری طور پر فائرنگ کے واقعہ پر تبصرہ نہیں کیا، لیکن کہا کہ فائرنگ کے واقعہ میں کسی امریکی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

مکہ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ بدھ کی شام 6 بج کر 45 منٹ پر جدہ میں امریکی قونصلیٹ کی عمارت کے قریب کار میں سوار ایک شخص رکا اور ہاتھ میں آتشیں اسلحہ لیے باہر نکلا۔

بیان میں کہا گیا کہ ’سیکیورٹی حکام نے حالات کی ضرورت کے مطابق اس سے نمٹنے کے لیے پہل کی۔‘

4.7 ملین سے زیادہ نفوس پر مشتمل بحیرہ احمر کے بندرگاہی شہر جدہ میں واقع امریکی قونصل خانہ، 2016 سمیت پہلے بھی دہشتگردی کا نشانہ بن چکا ہے۔

رواں سال، سیکیورٹی اہلکاروں نے ڈاکٹر سلیمان فقیہ اسپتال کی پارکنگ کے قریب ایک مشکوک شخص کی شناخت کی جو قونصل خانے کی سڑک کے پار تھا۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق، جب وہ اس شخص کے قریب پہنچے تو ’اس نے خود کو خودکش بیلٹ سے اڑا لیا‘۔ حمدلے میں حملہ آور ہلاک اور دو زخمی ہوئے تھے۔

یہ دھماکہ امریکی یوم آزادی کی تعطیل کے موقع پر کیا گیا تھا، جو 4 جولائی کو منایا جاتا ہے۔

اسی دن تین دیگر خودکش دھماکے ہوئے۔

ایک مدینہ میں مسجد نبوی کو نشانہ بنایا گیا، اور دو مشرقی شہر قطیف کی ایک مسجد میں ہوئے۔

2004 میں جدہ میں قونصل خانے کو بھی ایک حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں پانچ افراد نے آتشیں اسلحے اور دھماکہ خیز مواد سے عمارت کو نقصان پہنچایا تھا۔

اس دوران چار سعودی سکیورٹی اہلکار قونصل خانے کے باہر اور پانچ قونصل خانے کے عملے کے اراکین اندر ہلاک ہوئے۔

اس وقت کی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ سعودی افواج کے پہنچنے سے قبل 18 ملازمین اور ویزا کے درخواست گزاروں کو مختصر وقت کے لیے یرغمال بنا لیا گیا تھا۔

جدہ

US Consulate Firing