Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

اٹلی میں 2 ہزار سال قدیم کولوسیم کی دیوار پر نام لکھنے والے کی تلاش جاری

انگلش بولنے والے شخص نے اپنا اورمنگیترکا نام کندہ کیا تھا، شہری مشتعل
شائع 28 جون 2023 11:49am
تصویر: یوایس ٹوڈے
تصویر: یوایس ٹوڈے

اٹلی کے عوام روم کے معروف تاریخی مقام کولوسیم سے متعلق ایک ویڈیوسامنے آنے پر شدید غم وغصے کا شکار ہیں، ویڈیو میں ایک شخص کولوسیم کی دیوار پر اپنا اور اپنی گرل فرینڈ کا نام کندہ کررہا ہے۔

تقریباً 2 ہزار سال اس پرانی یادگارکی کی دیوار پراپنا اور محبوبہ کا نام کندہ کرنے والے شخص نے انگریزی بولتے ہوئے ویڈیو بنائی تھی۔ ’Ivan + Hayley 23‘ کے الفاظ کولوزیم کی اینٹ پرنقش کرنے والا شخص (جس کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے) پیچھے مڑ کر مسکراتا ہے۔

اٹلی کے وزیر ثقافت گینارو سانگیولیانو نے پیر کو یہ ویڈیو شیئر کی اور اسے ’انتہائی سنگین، غیرضروری و غیر مہذب‘ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک سیاح اپنی منگیتر کا نام کندہ کرنے کیلئے دنیا کے مشہورترین مقامات میں سے ایک کو نقصان پہنچا رہاہے۔

گینارو سانگیولیانو نے لکھا، ’ میں پُرامید ہوں کہ جس نے بھی یہ کیا اسکی نشاندہی کی جائے گی اور ہمارے قوانین کے مطابق سزا دی جائے گی۔’

جرم ثابت ہونے پر ایسا کرنے والے شخص کو مبینہ طور پر کم از کم 15 ہزار یورو جرمانے کےعلاوہ ایک سال تک کی قید کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔

کولوسیم کی ڈائریکٹر الفونسینا روسو کے مطابقکارابینیری پولیس مشتبہ شخص کا سراغ لگا رہی ہے اور دیکھا جائے گا کہ کیا ہم اسے گرفتارکرسکتے ہیں ۔

ڈیلی میل سے بات کرتے ہوئے کولوسیم کی ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ، ’جب آپکو کولوسیم میں جاہل لوگ ملتے ہیں تو ایسی ھرکات کی جاتی ہیں، مجھے امید ہے کہ کوئی بھی ان کی پیروی نہیں کرے گا۔‘

نیم فوجی پولیس کارابینیری کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بارے میں محکمے کو آگاہ کردیا گیا ہے اور افسران مجرم کی شناخت کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اسے پکڑنے کے بعد سزا دی جائے گی۔

اطالوی شہریوں نے وائرل ویڈیو پر ردعمل میں اس اقدام کو حقیرانہ رویہ قرار دیا۔

ایک صارف نے لکھا، ’امریکی ہمیشہ یہی سوچتے ہیں کہ ہر چیز ان کی ملکیت ہے ۔‘

یونیسکو کے اس عالمی ثقافتی ورثے کوخراب کرنے سے متعلق یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل 2020 میں ایک آئرش سیاح پر بھی کولوسیم میں توڑپھوڑ کا الزام عائد کیا گیا جب سیکیورٹی پرمامور عملے نے اسےاپنے نام کے ابتدائی حروف دیوار پرکندہ کرتے ہوئے پکڑا تھا۔

Italy

Rome

Rome’s Colosseum

COLOSSEUM