عید الاضحیٰ پر سندھ میں دفعہ 144 نافذ، تمام اسلحہ لائسنس معطل
سندھ حکومت نے عید الاضحیٰ پر صوبے بھر میں 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق نے صوبے بھر میں 3 دن کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق سندھ میں کمشنراور ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع نہیں کی جاسکتی، زبردستی کھالیں جمع کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی بھی کی جائے گی۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ گاڑیوں اور عمارتوں پر جھنڈے اور لاؤڈ اسپیکر کا بھی استعمال ممنوع ہوگا۔ اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی عائد ہوگی، لائسنس یافتہ اسلحہ لے کر چلنے کے اجازت نامے معطل رہیں گے۔
متعلقہ تھانوں کو دفعہ 144 پر عملدرآمد کے لیے حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔
کراچی ائرپورٹ کے اطراف میں جانوروں کی آلائشیں پھینکنے پر پابندی
دوسری جانب کراچی ائرپورٹ کے اطراف میں جانوروں کی آلائشیں پھینکنے پر پابندی عائد کردی گئی۔
کمشنر کراچی نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ جانوروں کی آلائشوں سے ائرپورٹ پر پرندے آتے ہیں، پرندوں کی موجودگی جہازوں کے لیے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
راولپنڈی میں بھی دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری
ادھر راولپنڈی میں بھی دفعہ 144 نافذ کردی گئی، جس کا نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی میں دفعہ 144 دو جولائی تک نافذالعمل رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلع میں ریلیوں، جلسوں اور دیگراجتماعات کی اجازت نہیں ہوگی، کسی بھی شخص کو اسلحہ لے کر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی گئی جبکہ خواتین، بچوں اور آرمی کے اہلکاروں کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کی پابندی سے استثنی حاصل ہوگا۔
Comments are closed on this story.