رولر کوسٹر میں سوار کئی افراد نیچے جاگرے، ایک شخص ہلاک 3 بچوں سمیت 9 زخمی
سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے گرونا لنڈ پارک میں پیش آنے والے رولر کوسٹر حادثے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
عوامی نشریاتی ادارے ”ایس وی ٹی“ نے عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اتوار کو ایک رائیڈ کے دوران پارک کی جیٹ لائن رولر کوسٹر جزوی طور پر پٹڑی سے اتر گئی۔ جس کے بعد کئی افراد رولر کوسٹر سے نیچے جاگرے۔
پارک کی ترجمان اینیکا ٹروسیلیئس نے میڈیا کو دیے گئے بیان میں کہا کہ ’یہ ناقابل یقین حد تک افسوسناک اور چونکا دینے والا ہے۔ بدقسمتی سے ہمیں اطلاع ملی ہے کہ ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، ہم سب حیران و پریشان ہیں اور متاثرہ افراد اور اپنے عملے کی دیکھ بھال پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔‘
پولیس نے بتایا کہ حادثے کے بعد 3 بچوں سمیت 9 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جن میں تین شدید زخمی ہیں۔
گرونا لنڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 140 سال پرانا پارک اگلے نوٹس تک بند کر دیا گیا ہے۔
اپنی فیملی کے ساتھ پارک گئی صحافی جینی لیگرسٹڈ نے ایس وی ٹی کو بتایا کہ وہ قریب ہی تھیں، انہوں نے دھاتی آواز سنی اور دیکھا کہ حادثے کے وقت ٹریک کا ڈھانچہ ہل رہا تھا۔
جینی نے کہا، ’میرے شوہر نے ایک رولر کوسٹر کار کو دیکھا جس میں موجود لوگ زمین پر گر رہے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ منظر دیکھ کر میرے بچے خوفزدہ ہوگئے۔
پارک کی ویب سائٹ کے مطابق اسٹیل کی پٹڑیوں پر چلنے والی جیٹ لائن رولر کوسٹر 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہے اور 30 میٹر کی اونچائی تک پہنچتی ہے۔ اس میں ہر سال 10 لاکھ سے زائد لوگ رائیڈ لیتے ہیں۔ یہ رولسر کوسٹر 1988 میں قابل عمل ہوئی تھی۔
Comments are closed on this story.