بلوچستان حکومت کی تمام شاہراہوں سے چیک پوسٹیں فوری ختم کرنے کی ہدایت
بلوچستان حکومت نے صوبے کی تمام شاہراہوں سے وفاقی سیکیورٹی اداروں کی چیک پوسٹیں فوری ختم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کابینہ نے سیکیورٹی چیکنگ کی آڑ میں سڑکوں پر قائم چیک پوسٹوں کے قیام پر شدید ردعمل کا اظہار کیا، جس کے بعد کابینہ نے تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی سیکیورٹی اداروں کو چیک پوسٹیں فوری ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ کوئی بھی ادارہ صوبائی حکومت کی اجازت کے بغیر شاہراہوں پر چیک پوسٹ قائم نہیں کرے گا۔ چیک پوسٹ کا قیام محکمہ داخلہ کی اجازت سے مشروط ہوگا۔
کابینہ اجلاس میں کہا گیا کہ چیک پوسٹوں کی آڑ میں عوام کی تذلیل کسی صورت قبول نہیں ہے،عوام کی عزت نفس کو ہرگز پامال نہیں ہونے دیا جائے گا، خواتین بچوں مریضوں اور بوڑھے مسافروں کو چیک پوسٹوں پر گھنٹوں روکا جاتا ہے۔
کابینہ کے اجلاس میں سریاب روڈ سمیت شہر بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ پولیس اور اے این ایف کو منشیات فرشوں کے خلاف فوری آپریشن شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئیں ہیں۔
Comments are closed on this story.