Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

9 مئی کو آگ لگانے والے اپنے جھوٹ سے بیرون ملک آگ بھڑکا رہے ہیں، وزیراعظم

شہباز شریف کی فرانس میں مقیم پاکستانی برادری سے ملاقات
شائع 23 جون 2023 07:42pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب ٹوئٹر

وزیرِاعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو آگ لگانے والے اپنے جھوٹ سے بیرون ملک آگ بھڑکا رہے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے اپنے ممالک میں پاکستان کے خلاف جھوٹ کو بے نقاب کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس میں مقیم پاکستانی برادری سے ملاقات ہوئی ، جس میں پاکستان بزنس فورم کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

ملاقات میں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

فرانس میں مقیم پاکستانیوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کے سفیر اور قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی وطن کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایک سال میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، نہایت کٹھن فیصلوں سے گزر کر یہاں تک پہنچے ہیں، گزشتہ 4 سال میں معیشت تباہ، بے روزگاری اور مہنگائی آسمان پر پہنچا دی گئی جبکہ خارجی محاذ پر بھی پاکستان تنہائی کا شکار تھا، ایک سال کی مسلسل محنت کے بعد عالمی برادری سے خارجہ تعلقات بحال کیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بحالی میں اکنامک ریوائیول پلان سنگ میل ثابت ہوگا، سرمایہ کاری میں رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اسپیشل انوسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل بنادی ہے، ملکی معاشی خودمختاری اور مضبوطی ہی پاکستان کا مستقبل محفوظ بناسکتی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی 9 مئی کے واقعات کی پر زور مذمت کریں کیونکہ 9 مئی کو آگ لگانے والے اپنے جھوٹ سے بیرون ملک آگ بھڑکا رہے ہیں، بیرون ملک پاکستانی اپنے اپنے ممالک میں پاکستان کے خلاف جھوٹ بے نقاب کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیراعظم کی چینی ہم منصب سے ملاقات

دوسری جانب دورہ فرانس کے دوران وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے بھی ملاقات کی۔

دونوں رہنمائوں کی ملاقات عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق سربراہی اجلاس میں ہوئی، ملاقات شراکت داری کی روایتی خیرسگالی اور پرجوش ماحول میں ہوئی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور معاشی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر متنازعہ خطے میں جی 20 کا اجلاس بلانے کی مخالفت چین کا اصولی مؤقف کا مظہر ہے۔

چینی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، قریبی ہمسایہ پاکستان چین کی ہمسایوں سے متعلق سفارت کاری میں خصوصی درجہ رکھتا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے عوام کی خوش حالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

France

PARIS

PM Shehbaz Sharif

Overseas Pakistani

pakistan china