Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

یونان کشتی حادثہ: لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے کوششیں جاری رہیں گی، دفتر خارجہ

اس سانحے میں متعدد پاکستانیوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے، ممتاز زہرا بلوچ
شائع 22 جون 2023 05:01pm

دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش، لاشوں کی شناخت اور لواحقین کو امداد فراہم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششیں جاری رہیں گی۔ اس سانحے میں متعدد پاکستانیوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے، ہمارے دل تمام متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ 104 زندہ بچ جانے والوں میں 12پاکستانی شہری بھی شامل ہیں، بدقسمتی سے ہم جاں بحق اور لاپتہ ہونے والوں میں پاکستانی شہریوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق کرنے سے قاصر رہے ہیں، یونانی حکام نے 84 لاشیں برآمد کی ہیں، ان کی شناخت ڈی این اے میچنگ کے ذریعے ہوگی۔

ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے اپنے یونانی ہم منصب سے بات کی ہے جس میں لاپتہ افراد کی تلاش، لاشوں کی شناخت اورلواحقین کو امداد فراہم کرنے کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس ضمن میں ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور قزاکستان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دور 26 جون 2023 کو آستانہ میں ہوگا، دوطرفہ سیاسی مشاورت میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (سید احسن رضا شاہ کریں گے جبکہ قزاخستان کی طرف سے نائب وزیر برائے خارجہ امور کنات تمیسٹ کی قیادت کریں گے۔

missing person

Greece

Pakistan Foreign Office

Mumtaz Zahra Baloch

Boat Sink

Greece Boat Disaster