Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

گرفتاری سے بچنے کے لئے شاہ محمود، اسد عمر کا گاڑی سے اترنے سے گریز

عدالت نے دونوں رہنماؤں کی عدم موجودگی پرحفاظتی ضمانت دینے سے انکار کردیا
اپ ڈیٹ 21 جون 2023 05:06pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

گزشتہ روز تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانتیں خارج ہونے کے بعد آج دونوں ہائیکورٹ میں موجود ہیں اور ان کی گرفتاری کا امکان ہے۔

گزشتہ روز ضمانت خارج ہونے کے بعد تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر اور شاہ محمود قریشی عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے، لیکن آج دونوں رہنماؤں کی آمد سے قبل پولیس الرٹ ہے۔ پولیس اہلکار اسلام آباد ہائیکورٹ کے اطراف ناکہ لگائے بیٹھ گئے ہیں، اور اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے کی تیاری مکمل ہے۔

دوسری جانب 9 مئی کے واقعات میں درج مقدمات کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، کیس کی سماعت جسٹس ارباب طاہر نے کی

عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کہاں ہیں۔

وکیل علی بخاری نے عدالت کو بتایا کہ اسد عمراور شاہ محمودہائیکورٹ کے باہر گاڑی میں موجود ہیں، باہر پولیس نے ناکہ لگایا ہوا ہے، وہ گاڑی سے نکلے تو گرفتار ہوجائیں گے۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ایسے کیسے گرفتار ہوجائیں گے، کیا کسی کو بغیر پیش ہوئے ضمانت ملی ہے۔

اسد عمر کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز کو پیش ہوئے بغیر ضمانت ملی ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ہم کل تک کا وقت دے دیتے ہیں درخواست گزار پیش ہوجائیں، قانون واضح ہے درخواست گزار عدالت میں موجود نہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پروٹیکشن دینے کی استدعا مسترد کردی، اور ریمارکس دیئے کہ کیس کل کے لئے مقرر کر رہے ہیں، پٹیشنر عدالت کے سامنے آگئے تو کیس سن لیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

اسد عمر اور شاہ محمود قریشی نے ضمانت کے لئے ہائیکورٹ آنا ہے۔

دوسری جانب اسد عمر نے سیشن عدالت سے ضمانت منسوخی کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

اسد عمر نے وکیل آمنہ علی ، سردار مصروف اور عتیق صدیقی کے ذریعے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری دائر کردی۔

درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار سابق وفاقی وزیر اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں، ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست سیشن کورٹ سے 20 جون کو منسوخ ہوئی، درخواست گزار بے گناہ اور عزت دار شہری ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ ان کے خلاف بدنیتی پر مبنی مقدمہ درج کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی کی جانب سے بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری دائر کردی گئی۔

شاہ محمود قریشی کی ضمانت کل تھانہ ترنول کے مقدمہ میں خارج ہوئی تھی۔

asad umar

Shah Mehmood Qureshi

islamabad police