Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مریم نواز اور رانا ثناء اللہ کیخلاف مقدمے کی درخواست مسترد

درخواستگزار کو پارٹی لیڈر نے عدالت سے رجوع کرنے کیلئے اتھارٹی نہیں دی، عدالت
شائع 20 جون 2023 05:31pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

کراچی کی ملیرکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز اور وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمے کی درخواست مسترد کردی۔

عدالت نے قراردیا کہ درخواست گزار کو پارٹی لیڈر نے عدالت سے رجوع کرنے کے لیے اتھارٹی نہیں دی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ سیاست دان اور بیوروکریٹس ٹی وی ٹاک شو میں ایک دوسرے دوسرے کے خلاف بات کرتے رہتے ہیں، درخواست پر مقدمہ اندراج کا حکم دیا تو دن بدن مقدمات کا بوجھ بڑھتا رہے گا۔

واضح رہے کہ مریم نواز اور رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف درخواست پاکستان تحریک انصاف کے کارکن شوکت علی بھنڈ ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ رانا ثنا اللہ نے انٹرویو میں پی ٹی آئی سربراہ کو جان سے مارنے یا مروانے کی بات کی، وزیرداخلہ اپنی لیڈر مریم نواز کے احکامات پر عمل پیرا ہیں، مریم نواز نے بھی پی ٹی آئی سربراہ کو نیست و نابود کرنے کی دھمکیاں دیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ مریم نواز اور رانا ثناء اللہ کے بیانات سے ملک میں خانہ جنگی پھیلنے کا خدشہ ہے، ایسے بیانات سے کروڑوں پاکستانیوں کی دل آزاری ہوئی، ملیر سٹی پولیس کو مقدمے کے لیے درخواست دی لیکن پولیس مقدمہ درج کرنے سے انکار کررہی ہے، عدالت پولیس کو بیان ریکارڈ کرنے اور مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کرے۔

درخواست میں ملیر سٹی تھانے کے ایس ایچ او اور ایس ایس پی کمپلینٹ سیل ملیر کو بطور فریق نامزد کیا گیا تھا۔

درخواست میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور مریم نواز کو بطور ملزمان شامل کیا گیا تھا۔

PMLN

Maryam Nawaz

karachi

Rana Sanaullah

Malir Court