Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ن لیگ کا مفتاح اسماعیل اور شاہ محمد شاہ کو عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ

سندھ میں صنعت کار اور پارٹی کارکن کو جلد صدر اور جنرل سیکرٹری کا عہدہ دیا جائے گا، مریم نواز
شائع 19 جون 2023 03:10pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے ناقص کارکردگی والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ چیف آرگنائزر مریم نواز مسلم لیگ (ن) سندھ میں تنظیمی تبدیلیاں کرنے کیلئے متحرک ہوگئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت شاہ محمد شاہ اور مفتاح اسماعیل کی کارکردگی پر سخت نالاں ہے اور دونوں کو ہٹائے جانے کا امکان ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل روزانہ کی بنیاد پر اپنی سیاسی جماعت مسلم لیگ ن پر تنقید کر رہے ہیں، مفتاح اسماعیل کو پارٹی میں آکر اپنا مؤقف رکھنا چاہیے۔

چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ صوبائی صدر شاہ محمد شاہ اور جنرل سیکرٹری مفتاح اسماعیل کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے، دونوں کو عہدوں سے ہٹا کر نئے لوگوں کو ذمہ داری دی جائے گی۔ مریم نواز نے فیصلہ کیا ہے کہ مفتاح اسماعیل کو پارٹی عہدے سے الگ کر کے آئندہ کوئی اہم ذمہ داری نہیں دی جائے گی۔

سینئر نائب صدر مریم نواز نے سینئر رہنماؤں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ن لیگ کے لوگوں نے دوسری جماعتوں میں شمولیت اختیار کی تو شاہ محمد شاہ اور مفتاح اسماعیل کیا کر رہے تھے؟ دونوں رہنماؤں نے اہم کارکنوں کو پارٹی کو خیرباد کہنے پر انہیں نہیں روکا، قیادت کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون جلد سندھ میں صنعت کار اور پارٹی کارکن کو صدر اور جنرل سیکرٹری کا عہدہ دے گی۔

اضح رہے کہ مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹائے جانے اور سلیمان شہباز کی جانب سے تنقید کے بعد پارٹی قیادت اور پالیسیوں سے اختلافات کا اظہار کھل کر چکے ہیں۔

PMLN

Maryam Nawaz

Khawaja Asif

Miftah Ismail

Shah Muhammad Shah