Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی چیئرمین پر بڑے الزامات عائد کردیے

ایک بڑے ڈیولپر نے فرح گوگی کے ذریعے تحفے بھیجے تھے، علیم خان
اپ ڈیٹ 17 جون 2023 11:41pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عبدالعلیم خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر بڑے الزامات عائد کردیے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایک بڑے ڈیولپر نے فرح گوگی کے ذریعے تحفے بھیجے تھے، یہ وہی تحفے تھے جس پر اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی نے ان سے بات کی تھی، ہیروں کے سیٹ پی ٹی آئی چیئرمین کے گھر پرموجود تھے، یہ گینگ آف فائیو تھا جو تمام فیصلے کرتا تھا۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر کا کہنا تھا کہ بیگم صاحبہ، فرح گوگی، اعظم خان اور دیگر مل کر کام کرتے تھے، سابق وزیراعظم نہ جانے کن عملیات اور مؤکلوں کے چکر میں پڑ گئے تھے، یہاں تک کہ سیکرٹری رکھنے سے پہلے بھی اس کی تصویر بیگم صاحبہ دیکھ کرہی فیصلہ کرتی تھیں، سیکرٹری اریگیشن کون لگے گا یہ بھی عملیات کے ذریعے ہی بتایا جاتا تھا، یو کے کا دورہ اس لیے نہیں کیا کہ بیگم صاحبہ نے اجازت نہیں دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سمجھا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین پاکستان کو بدل دے گا، ہم سب سے دھوکا ہوا ہے، آج بھی شوکت خانم کا سب سے بڑا ڈونر میں ہوں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ مینار پاکستان جلسے کے تمام انتظامات میں نے کیے تھے، بزدار فارمولہ پرویز خٹک کی وجہ سے بنا تھا، پھر بیگم صاحبہ کے کہنے کے مطابق فیصلے ہونے لگے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیکھا جاتا تھا کہ کوئی نام ع اور کوئی بی سے شروع ہورہا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کسی اور ہی طرف چلے گئے تھے، گھر سے نکلنے کا ٹائم اور واپس آنے کا ٹائم مقرر ہوتا تھا۔

عبدالعلیم خان سے سابق ارکان اسمبلی کی ملاقاتیں، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عبدالعلیم خان سے سابق رکن اسمبلی چوہدری ظہیر الدین نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں چوہدری ظہیر الدین نے عبدالعلیم خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کو فیصل آباد سے بڑے دھڑے کی پارٹی میں شمولیت پر اعتماد میں لیا۔

اس کے علاوہ سابق ایم پی اے فرخ ممتاز مانیکا اور محمد شاہ کھگہ نے بھی صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے ملاقات کی، جس میں ملکی و سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سابق پی ٹی آئی رہنما فرخ ممتاز مانیکا اور محمد شاہ کھگہ نے عبدالعلیم خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

lahore

Abdul Aleem Khan

Jahangir Tareen

Istehkam i Pakistan Party (IPP)

chaudhry zaheer uddin

muhammad shah khaga

farrukh mumtaz manika