Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بیوی نے بنا اجازت دوسری شادی کرنے والے چودھری شوہر کی چودھراہٹ نکال دی

عدالت نے جیل کی ہوا کھلا دی۔
شائع 17 جون 2023 03:52pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ہہاولپور میں بیوی نے چودھری شوہر کی چودھراہٹ نکال دی، بنا اجازت دوسری شادی کرنے پر پہلی بیوی نےعدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تو عدالت نے شوہر کو جیل کی ہوا کھلا دی۔

درخواست گزار خاتون کی شادی 3 نومبر 2019 کو ملزم سے ہوئی تھی، لیکن ملزم نے خاتون سے اجازت اور یونین کونسل سے دوسری شادی کا سرٹیفکیٹ حاصل کئے بنا 19 فروری 2021 کو دوسری شادی رچا لی۔

جس کے بعد درخواست گزار خاتون نے عدالت سے رجوع کیا۔

خیال رہے کہ 2020 میں پاکستان کی سپریم کورٹ نے حق مہر سے متعلق ایک درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ دوسری شادی سے قبل پہلی بیوی یا ثالثی کونسل کی اجازت لینا ضروری ہے تاکہ معاشرے میں توازن قائم رکھا جا سکے۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961 کے سیکشن چھ کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ’اس دفعہ کے تحت دوسری شادی کی ممانعت نہیں ہے۔‘

ملزم کی اہلیہ غلام صغراں نامی خاتون نے اپنے شوہر کے خلاف دوسری شادی کرنے پرعدالت میں درخواست دائر کی تو تحصیل یزمان کی فیملی کورٹ کے جج محمد عاصم شفیق نے پہلی بیوی کی اجازت کے بنا دوسری شادی کرنے پر شوہر کو چھ ماہ قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا کا حکم سنادیا۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم چوہدری نیاز کو مزید دو ماہ قید کاٹنا ہوگی۔

عدالتی حکم آںے کے بعد ملزم شوہر کو نیو سینٹرل جیل بہاولپور منتقل کردیا گیا۔

یہ پہلی بار نہیں کہ بنا اجازت دوسری شادی کرنے پر کسی کو جیل بھیجا گیا ہو، بلکہ ایسا ہی ایک فیصلہ خیرپور کی عدالت بھی دے چکی ہے۔

خیر پور کی تحصیل سوبھو ڈیرو کی سول عدالت کے جج ظفر الله جکرانی نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم لعل بخش کو پہلی بیوی سے اجازت نہ لینے پر چھ ماہ قید کی سزا اور پانج ہزار روپے جرمانہ عائد کر کے سنٹرل جیل خیرپور منتقل کردیا۔

پاکستان

Second Marriage

Second marriage law