Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

پارٹی قیادت نواز شریف کی امانت ہے ان کے واپس آنے پر حوالے کردوں گا، شہباز شریف

نوازشریف پاکستان آئیں تو یہ امانت ان کے حوالے کردوں گا، شہبازشریف
شائع 16 جون 2023 07:03pm

مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نواز شریف کی امانت ہے، وہ جب بھی پاکستان واپس آئے ان کے حوالے کردوں گا۔

اسلام آباد میں ن لیگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مریم نواز میری بیٹی ہے، میں ہمیشہ اسے گڑیا کہتا ہوں، اس نے چیف آرگنائزر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بہت محنت کی، یہ بہت باہمت ہے جو ملک کے ہر کونے میں جارہی ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ چند باتیں دل کھول کر کرنا چاہتا ہوں، اس جنرل کونسل کے اجلاس کو کئی بار مؤخر کرایا، لیکن اب الیکشن کمیشن کی تلوار لٹک رہی تھی، اسی لئے پارٹی اجلاس بلایا، اور ایک بار پھر میرے سر پر صدر کی پگ باندھ دی گئی، بلامقابلہ پارٹی صدر منتخب کرنے پر سب کا مشکور ہوں۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت نواز شریف کی امانت ہے، چاہتا ہوں میں چاہتا تھا کہ قائد مسلم لیگ ن پاکستان آئیں اور میں یہ امانت ان کے حوالے کردوں، میں صرف ان کا سپاہی بن کر خدمت کروں گا، دعا ہے وہ جلد پاکستان آئیں، انتخابات لڑیں اور چوتھی بار وزیراعظم بنیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے جن حالات میں اقتدارسنبھالا یہ پھولوں کی سیج نہیں تھی، ہم نے ہمت نہیں ہاری اور اتحادیوں کے ساتھ مل کر مشکلات کا سامنا کیا، ہمارے سینگھ آج بھی آئی ایم ایف سے پھنسے ہوئے ہیں، ہم آئی ایم ایف کی شرائط منظور کرنے کیلئے الٹے سیدھے ہوگئے، لیکن مشکل معاشی حالات کے باوجود تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ ہم ملکی مفاد کی خاطر آئی ایم ایف سے بات کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈز کے ساتھ مختصر مدت کا ہی معاہدہ ہوجائے تاکہ ہم بڑے معاشی چلینجز سے نکل جائیں، اسحاق ڈار رات دن جس طرح ملک کی معیشت بہتر کرنے کے لیے محنت کررہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے، لیکن کچھ لوگ ان کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں، جو لوگ نواز شریف اور اسحاق ڈار کیخلاف باتیں کر رہے ہیں ان کو پارٹی میں رہنے کا حق نہیں۔

Shehbaz Sharif

workers convention

politics may 16 2023

PMLN politics June 16 2023