Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور میں 24 گھنٹوں کے دوران 472 وارداتیں

دکانوں پر ڈکیتی کی 5 ، گھروں میں 2 اور کار چوری کی 2 وارداتیں ریکارڈ
شائع 15 جون 2023 10:05pm

شہر میں صرف 24 گھنٹوں کے دوران 472 وارداتوں نے پولیس کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے۔

لاہور میں ڈاکوؤں اور چوروں نے ادھم مچا دیا ہے اور انہیں روکنے میں پولیس بھی بری طرح ناکام نظر آتی ہے، شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 472 وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق دکانوں پر ڈکیتی کی 5 ، گھروں میں 2، اور اسٹریٹ کرائم کی 2 اور کار چوری کے 2 واقعات ریکارڈ ہوئے ہیں۔ اس دوران موٹر سائیکل چھیننے کی 5، نقب زنی کی 3 جب کہ موٹر سائیکل چوری کی 116متفرق وارداتیں ریکارڈ ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کاہنہ کے علاقے میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکووں نے شہری مبشر کی ٹانگ میں گولی مار دی اور موقع سے فرار ہوگئے، غازی آباد میں چور گھر سے 1 لاکھ 65 ہزار روپے نقدی اور دیگر گھریلو اشیا لے اڑے، جب کہ ہنجروال کے علاقے میں چور پینٹ کی دکان سے 19 لاکھ 10 ہزار روپے اور کیمیکل چوری کر کے فرار ہوگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کاہنہ میں چور گودام سے 30 لاکھ مالیت کی ڈائیاں چوری کر کے لے گئے، کوٹ لکھپت میں ڈاکوؤں نے شہری سے 10 لاکھ 40 ہزار روپے اور موبائل فون چھین لیا، ٹاؤن شپ میں ڈاکو گھر میں گھس کر اہلخانہ سے گن پوائنٹ پر 18 لاکھ 91 ہزار مالیت کا 8 تولہ سونا اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں ڈاکو شہری مظہر لیاقت کی دکان سے گن پوائنٹ پر 62 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے، ٹاؤن شپ میں ڈاکو شہری عادل کے میڈیکل اسٹور سے گن پوائنٹ پر 20 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، سبزہ زارمیں ڈاکو سپر اسٹور سے گن پوائنٹ پر پانچ لاکھ 93 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، اسی علاقے سے چور 2 گاڑیاں بھی لے اڑے۔

lahore

robbers

Robbery