Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

روس سے آنے والا تیل عالمی منڈی کے مقابلے 15 ڈالر سستا ہے، وزیراعظم

لیپ ٹاپ اسکیم کا آغاز جولائی سے ہوگا، شہباز شریف کا اعلان
اپ ڈیٹ 14 جون 2023 11:24am
وزیراعظم شہباز شریف کا تقریب سے خطاب۔ فوٹو — اسکرین گریب
وزیراعظم شہباز شریف کا تقریب سے خطاب۔ فوٹو — اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ روس سے آنے والا خام تیل عالمی منڈی کے مقابلے 15 ڈالر فی بیرل سستا ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ آئی جے پی روڈ کا نام آج کیپٹن کرنل شیر خان روڈ رکھا گیا ہے، شہداء اور غازیوں کو یاد رکھنے والی قومیں کامیاب ہوتی ہیں، شہداء نے ملک کا ایک ایک انچ دشمنوں سے بچایا، وہ اپنے بچوں کو یتیم کر گئے لیکن لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے دن قوم کا سر شرم سے جھکا، وطن سے محبت کرنے والا ہر شہری ایسے واقعات کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

روسی خام تیل کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رجیم چینج کے جھوٹے دعویداروں کا پروپیگنڈا بے نقاب ہوا، روس سے ایک لاکھ ٹن خام تیل کا معاہدہ ہوا ہے، 41 ہزار ٹن خام تیل لیکر پہلا جہاز لنگر انداز ہو چکا، یہ تیل عالمی مارکیٹ سے 15 ڈالر فی بیرل سستا ہے۔

آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ پر شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نےعام آدمی کو بجٹ میں ریلیف دیا، کم سے کم اجرت، تنخواہوں اور پنشن میں خاطر خواہ اضافہ کیا، البتہ سیاسی استحکام کے بغیر ملک میں معاشی استحکام ممکن نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سازشی بیانیے، لوگوں کو تقسیم کرنے سے ملک ترقی نہیں کر سکتا، پچھلی حکومت نے عالمی مارلیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) معاہدے کی پاسداری نہ کرکے ملک کو نقصان پہنچایا، ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردی ہیں، لہٰذا معاہدہ جلد حتمی شکل اختیار کرلے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا منصوبہ نہ ہونے کے برابر تھا، جلد اس کا نظام متعارف کرایا جائے گا جب کہ نوجوانوں کے لئے 1 لاکھ لیپ ٹاپ اسکیم کا آغاز جولائی سے ہوگا۔

PMLN

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

IMF