Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

سی پیک کو روکنے کے لئے تیسری قوت پیدا کی گئی، مولانا فضل الرحمان

چین کے ساتھ ہماری دوستی غیرمتنازع ہے، فضل الرحمان
شائع 13 جون 2023 05:30pm

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے، لیکن ایک تیسری قوت پیدا کی گئی جس کاایجنڈا سی پیک کوروکنا تھا۔

پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ ہماری دوستی غیرمتنازع ہے، چین نے پاکستان میں بے شمار شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا، سی پیک پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ چین نے اپنے پیسے سے ہوائی راستے سے تجارت کے لیے بھی گوادر میں ایئرپورٹ بنایا، لیکن ایک وقت میں جو بندگارہ اس خطے کی سب سے گہری بندرگاہ تھی، 3 سال کے عرصے میں کام نہ ہونے کی وجہ سے مٹی نے اس کے کنارے بھر دیئے، اور اب وہاں کہیں 9 فٹ تو کہیں 12 فٹ کی گہرائی رہ گئی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ریلوے لائن اوردیگرپروجیکٹ سی پیک سے جڑے ہیں، لیکن ایک تیسری قوت پیدا کی گئی جس کا ایجنڈا سی پیک کوروکنا تھا، سی پیک روکنے کےلیے اس تیسری قوت کو پاکستان دے دیا گیا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پاکستان اورچین کے تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنا ہوگا، پاک چین تجارت کے لیے ہم نے باضابطہ تحریری دستاویزات پیش کئے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے چین سے متعلق پالیسی پر ایک ساتھ کام کیا۔

JUIF

Molana Fazal ur Rehman