Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان کا مستقبل روشن ہے، متحد ہوکر معاشی مشکلات سے نکالنا ہے، اسحاق ڈار

5 سال پہلے میری بات مانی ہوتی تو آج ہم یہاں نہ کھڑے ہوتے، وزیر خزانہ
شائع 12 جون 2023 08:52pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ذاتی مفاد سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا، آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کرکے ملک کی خود مختاری کو نقصان پہنچایا گیا، 5 سال پہلے میری بات مانی ہوتی تو آج ہم یہاں نہ کھڑے ہوتے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بجٹ کی بہتری کے لیے سفارشات کو کھلے دل سے سنیں گے، بجٹ میں خامیوں کو دور کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دیں گے، 2017 میں پاکستان 24 ویں معیشت تھا، گزشتہ حکومت کی خراب کارکردگی کی وجہ سے ہماری معیشت 47 ویں نمبر پر چلی گئی۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ لوگ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کررہے تھے، ہم نے معیشت کی بہتری کے لیے مشکل اور غیر مقبول فیصلے کیے، گزشتہ حکومت کی خراب پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری کو تیار نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2017 میں دنیا کی ریٹنگ ایجنسی پاکستان کی ترقی کو تسلیم کررہے تھے، 2017 میں مہنگائی کی شرح 4 فیصد تھی، ہماری مشترکہ محنت کا نتیجہ تھا کہ ہمارے تمام اشاریے مثبت جارہے تھے، مسلم لیگ ن کے گزشتہ دور میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج جنوبی ایشیاء کی بہترین مارکیٹ تھی۔

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ معیشت بہتر سے بہترین کی طرف جارہی تھی، جی 20 میں شامل ہونے کے بجائے ہم اس وقت دنیا کی 47 ویں معیشت بن گئے، ہمیں مل کر معاشی مشکلات سے نکلنا ہوگا، ایک فرد کچھ نہیں کرسکتا، پاکستان کی ترقی کے لیے ذاتی مفاد سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا، آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کرکے ملک کی خود مختاری کو نقصان پہنچایا گیا، 5 سال پہلے میری بات مانی ہوتی تو آج ہم یہاں نہ کھڑے ہوتے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ مجھے پاکستان کے محفوظ مستقبل پر مکمل یقین ہے، پاکستان کو باعزت مقام دلانے کے لیے سخت فیصلے ناگزیر تھے، ترقی کی شرح نمو کو بڑھانا ہے، روپے کی قدر میں کمی سے مہنگائی میں اضافہ ہوا، ہمیں مالیاتی نظم وضبط کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، متحد ہوکر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ہم نے زراعت کو کئی مراعات دی ہیں، بجٹ میں آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائیں ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کوششوں کو تسلیم کرنے کے لیے بجٹ میں اقدامات کیے ہیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ بجٹ میں تعلیم کی ترقی کے لیے اربوں روپے مختص کیے ہیں، محصولات کو بڑھانے کے لیے پالیسی سطح پر اقدامات اٹھائے ہیں، بجٹ میں رکھے گئے اہداف حقیقت پر مبنی ہیں، معیشت میں گراوٹ کے عمل کو روک دیا ہے، آنے والے دنوں میں زراعت کے شعبے کے لیے مزید مراعات دی جائیں گی۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ عوام امید رکھے پاکستان کو کچھ نہیں ہوگا، موجودہ حکومت خراب معاشی صورتحال کی ذمہ دار نہیں ہے، ہم نے ملک سے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

PMLN

Ishaq Dar

Finance minister

اسلام آباد

budget 2023 24

Politics 12 June 2023