اتحادی حکومت نے روس سے خام تیل پاکستان لانے کا وعدہ سچ کر دکھایا، مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے روس سے خام تیل پاکستان لانے کا وعدہ سچ کر دکھایا۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراطلاعات نے کہا ’اسے کہتے ہیں ملک اور قوم کے مسائل حل کرنے کی اہلیت اور نیت، اسے کہتے ہیں وعدوں کی تکمیل، اسے کہتے ہیں عوام کی سچی خدمت۔‘
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ’وزیراعظم ہمیشہ کی طرح عوام سے کئے وعدوں کی تکمیل کر رہے ہیں،ایک سال کی مخلصانہ اور دیانتدارانہ محنت رنگ لا رہی ہے۔‘
خیال رہے کہ روس سے خام تیل لے کر پہلا جہاز پاکستان پر پہنچ گیا ہے، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے عوام جلد خوشخبری سنیں گے۔
دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ میں نے قوم سے اپنا ایک اور وعدہ پورا کیا ہے۔ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہوئی کہ روس کا پہلا رعایتی خام تیل کا کارگو کراچی پہنچ گیا ہے اور کل سے تیل کی ترسیل شروع ہو جائیگی، آج ایک تبدیلی کا دن ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ہم خوشحالی، اقتصادی ترقی اور توانائی کی حفاظت اور سستی کی طرف ایک ایک قدم آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہ پاکستان کے لیے روسی تیل کا پہلا کارگو ہے اور پاکستان اور روسی فیڈریشن کے درمیان نئے تعلقات کا آغاز ہے۔ میں ان تمام لوگوں کی تعریف کرتا ہوں جو اس قومی کوشش کا حصہ رہے اور روسی تیل کی درآمد کے وعدے کو حقیقت میں بدلنے میں اپنا حصہ ڈالا۔
Comments are closed on this story.