Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جماعت اسلامی، ایم کیو ایم کے بائیکاٹ یا آمریت میں ہی کامیاب ہوئی، سعید غنی

کراچی کی خدمت کریں گے تو سب کے منہ بند ہوجائیں گے، مرتضیٰ وہاب
شائع 12 جون 2023 12:15pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی، ایم کیوایم کے بائیکاٹ یا آمریت میں ہی کامیاب ہوئی جبکہ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی کی خدمت کریں گے تو سب کے منہ بند ہوجائیں گے۔

کراچی میں مرتضیٰ وہاب اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے میئر کراچی کے امیدوار حافظ نعیم گھٹیا الزامات لگا رہے ہیں، گزشتہ روز انہوں نے رونا دھونا شروع کیا، جماعت اسلامی میں اختلافات ہیں، ان کے اپنے لوگ حافظ نعیم الرحمان سے نالاں ہیں۔ لسانی اور نفرت کی سیاست کی مذمت کرتےہیں، انتشار کی سیاست ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ رونے دھونے کے تعزیتی پروگرام میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو بھی شامل کیا گیا، پورے پاکستان میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت ہورہی ہے، پی ٹی آئی والوں نے 9 مئی سے پہلے جماعت اسلامی کو ووٹ دینے سے انکار کیا تھا۔ الیکشن کے بعد فردوس شمیم نے جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے صرف تین چیئرمینز قید میں ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ ہم کسی ملک کی چوکھٹ پرووٹ مانگنےنہیں جارہے، ہم اپنے ہی لوگوں سے ووٹ مانگ رہے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہئے،

مرتضیٰ وہاب نے جماعت اسلامی کے میئر کراچی کے امیدوار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے تعصب کی سیاست کرنے کی کوشش کی ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ متحد کرنے کی سیاست کی ہے، میں تو کراچی میں پیدا ہوا لیکن حافظ نعیم سے پوچھا جائے کہ کیا وہ کراچی میں پیدا ہوئے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ نفرت اور تفریق کی سیاست سے خدمت نہیں ہوتی، کراچی مختلف اقوام اور زبانوں کے حامل افراد کا شہر ہے، لسانی تعصب کی سیاست کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے، کراچی کے عوام نے نفرت کی سیاست کو مسترد کردیا ہے، جب ہم شہر کی خدمت کریں گے تو سب کے منہ بند ہوجائیں گے۔

سمندری طوف بپر جوائے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر پیپلزپارٹی کے امیدوار برائے میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم بارش اور سائیکلون سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

Jamaat e Islami

Pakistan People's Party (PPP)

Mayor Karachi Election

Politics 12 June 2023