Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ بجٹ: 500 بسوں کی خریداری کیلئے 10 ارب روپے مختص

بجٹ میں امن و امان کے لیے 143.568 ارب روپے مختص
اپ ڈیٹ 10 جون 2023 06:34pm

سندھ کے مالی سال 24-2023 کے بجٹ میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے لیے 13.4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سستی، محفوظ اور جدید سفری سہولیات کے لیے کوشاں ہیں، انٹرا ڈسٹرکٹ پیپلز بس سروس کے لیے 6.1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، ٹرانسپورٹ منٹیننس کی مد میں 2 ارب روپے رکھے گئے ہیں، 500 ہائبرڈ بسوں کی خریداری کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

مرادعلی شاہ نے کہا کہ سندھ سیکریٹریٹ کے ملازمین کو سفری سہولت دی گئی ہے، نئے روٹس پر 60 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، گرین لائن منصوبے کا کوریڈور 3.88 کلومیٹر ہے، گرین لائن سے 50 ہزار مسافر روزانہ سفر کرسکیں گے، ریڈ لائن کے تھرڈ جنریشن سسٹم پر 78.38 ارب روپے لاگت آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ روزانہ 250 بائیو ہائبرڈ بسوں پر ساڑھے 3 لاکھ مسافر سفر کرسکیں گے، ریڈ لائن کاریڈور سے منسلک نکاسی آب کی بہتری کے اقدامات کیے گئے ہیں، نکاسی آب کے لیے 2.91 ارب روپے مختص کیے، ریڈ لائن کاریڈور کے لینڈ اسکیپ کے لیے بھی رقم مختص کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 25 ہزار سے زائد درخت کے لیے 63.4 ملین روپے مختص کیے ہیں، محکمہ حقوق و نسواں کے لیے 705 ملین سے رقم زائد مختص کی گئی ہے، بے نظیر وومین ایگریکلچرل ورکرز پروگرام کے لیے500 ملین، سیف ہاؤسز چلانے کے لیے30 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ جیل میں قید خواتین اور بچوں کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں، سپورٹ فنڈ کے لیے 64 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹوریٹ آف وومن ایمپاورمنٹ اینڈ پروٹیکشن سینٹر قائم کیا جائے گا، وومن پروٹیکشن سینٹر کے لیے2.54 ملین روپے مختص کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بتایا کہ امن و امان کے لیے بجٹ میں مزید 15 فیصد اضافہ کیا ہے، امن و امان کے لیے 143.568 ارب روپے مختص کیے ہیں، محکمہ جیل کے عملے میں اضافے کے لیے 463.414 ملین مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کی بہتری کے لیے بھی بجٹ میں اقدامات کیے گئے ہیں، ملٹری گریڈ ہتھیاروں کی خریداری کے لیے 2.796 ارب مختص کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس کی گاڑیوں کی خریداری کے لیے 3.569 ارب روپے اور اسپشل برانچ کے لیے 846.608 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، انسداد دہشت گردی کے لیے868.684 ملین روپے بجٹ میں رکھے گئے ہیں۔

karachi

Sindh Assembly

Sindh budget

Syed Murad Ali Shah

budget 2023 24