Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں بجلی کا مسئلہ مفاد عامہ کا ہے چیف جسٹس از خود اسے دیکھیں، حافظ نعیم

عدالت نے ہمارے لئے کلمہ خیر کہا لیکن اس سے کراچی کے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے، حافظ نعیم
اپ ڈیٹ 06 جون 2023 01:07pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ شہر قائد میں لوگ بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور اضافی بلوں سے پریشان ہیں۔ مسئلہ مفاد عامہ کا ہے چیف جسٹس از خود اسے دیکھیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ہمارے وکلا نے کے الیکٹرک کے حوالے سے درخواست میں دلائل دیے۔ بینچ نے ہماری 2015 کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کی جس پر ہم شکر گزار ہیں لیکن ہمیں ہائیکورٹ جانے کا کہا گیا، ہم سمجھتے ہیں کہ جیسا ہم نے ذہن بنایا ہوا تھا ویسی سماعت نہیں ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ریمارکس کا احترام کرتا ہوں، عدالت نے ہمارے لئے کلمہ خیر کہا لیکن اس سے کراچی کے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ہماری تعریف کریں اور مسائل حل نہ کریں تو بات نہیں بنتی اس سے تکلیف ہوتی۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان سے یہ اپیل کرتا ہوں کہ ٹھیک ہے آپ نے ایک قانونی طریقے سے یہ کہہ دیا کہ ہائیکورٹ جائیں نیپرا جائیں۔ سپریم کوٹ میں تو کراچی کے حوالے سے جو کیس چلتا رہا اس میں اس وقت کے چیف جسٹس کے الیکٹرک سے متعلق ریمارکس اور عدالتی کارروائی کا مطالعہ کریں تو پتا چلے گا کہ کراچی کے لوگ کتنے پریشان ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ”میں سمجھتا ہوں کہ چیف جسٹس از خود اسے دیکھیں کہ یہ مفاد عامہ کا مسئلہ ہے۔ جسے کہیں سے ریلیف نہیں مل رہا تو آخری عدالت سپریم کورٹ ہے“۔

حافظ نعیم نے مزید کہا کہ لوڈ شیڈنگ غلط ہورہی ہے مہنگی بجلی کراچی کو دی جارہی ہے۔ سب سے زیادہ بل یہاں آتے ہیں ہماری پٹیشن نجکاری کے حوالے سے تھی لیکن بات اب بہت آگے نکل چکی ہے۔ اگر سپریم کورٹ مزید سماعت کرتی تو اضافی درخواست لگاتے جس میں ہم بتاتے کہ بجلی پیداوار میں اضافہ بھی نہیں ہوا۔

کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کی صورتحال بہت خراب ہے، بازار اور یونیورسٹیز کی بسیں محفوظ نہیں، گزشتہ روز طالبات سے سامان چھینا گیا جبکہ ناردرن بائی پاس پر لگی مویشی منڈی جانے والوں کو لوٹ لیا جاتا ہے۔ سندھ رینجرز اور پولیس سہراب گوٹھ سے مویشی منڈی تک کے راستے کو محفوظ بنائے۔

بلدیاتی الیکشن اور میئر کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی مئیر کے معاملے پر جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ کراچی کے لوگوں کو وڈیرہ شاہی نظام کے خلاف آواز اٹھانا ہوگی۔ ن لیگ سے بھی کہتے ہیں کہ وہ ہمارا ساتھ دیں۔ پی ٹی آئی کے لوگوں کی پکڑ دھکڑ کی جارہی ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کی اے ٹیم ہونے کا ثبوت دیا۔

load shedding

Jamat e Islami

Supreme Court of Pakistan

K-Electric