Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہنگامی صورت میں ضروری اشیاء مفت دینے والی وینڈنگ مشینیں

شہر میں دو ہنگامی وینڈنگ مشینیں آزمائشی طور پر نصب کی گئی ہیں۔
شائع 03 جون 2023 03:05pm
ایمرجنسی وینڈنگ مشین پروجیکٹ میونسپلٹی اور ٹوکیو میں قائم فارماسیوٹیکل فرم ارتھ کارپوریشن کے درمیان تعاون ہے (تصویر بزریعہ اے ایف پی)
ایمرجنسی وینڈنگ مشین پروجیکٹ میونسپلٹی اور ٹوکیو میں قائم فارماسیوٹیکل فرم ارتھ کارپوریشن کے درمیان تعاون ہے (تصویر بزریعہ اے ایف پی)

ایک ایسے شہر کا تصور کریں جہاں ایسی وینڈنگ مشینیں ہوں جو زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات کے دوران مفت خوراک اور سامان مہیا کریں۔

لیکن یہ کوئی تصوراتی بات نہیں، جاپان کے ساحلی شہر اکو میں ایسا حقیقت میں ہو رہا ہے، جہاں جاپان قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کو تیز کر رہا ہے۔

جمعہ کو، جاپانی خبر رساں ادارے نے اطلاع دی کہ شہر میں دو ہنگامی وینڈنگ مشینیں آزمائشی طور پر نصب کی گئی ہیں۔

یہ مشینیں عام طور پر اسنیکس اور مشروبات فروخت کرتی ہیں، لیکن بڑے زلزلوں یا طوفانوں کے دوران مفت میں اشیاء بھی تقسیم کریں گی۔

نیوز آؤٹ لیٹ نے کہا ہے کہ سوڈا کی 300 بوتلیں اور 150 ایمرجنسی فوڈ آئٹمز کے ساتھ ساتھ زندگی بچانے والی ان مشینوں میں ضروری سینیٹری اشیاء، جیسے پورٹیبل ٹوائلٹ اور ماسک سے بھرے لاکرز ہوتے ہیں۔

یہ وینڈنگ مشینیں زلزلے یا دیگر قدرتی آفات کے بعد انخلاء کا حکم جاری کئے جانے کے بعد کھل جاتی ہیں۔

”ہائیجین سپلائی ڈیزاسٹر پریوینشن ذخیرہ کرنے والی وینڈنگ مشینیں“ ان عمارتوں کے قریب نصب کی گئی ہیں جنہیں انخلاء کے بعد پناہ گاہوں کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

اکو ایک ایسے علاقے میں واقع ہے جو شدید زلزلوں کا شکار ہے۔

ایمرجنسی وینڈنگ مشین پروجیکٹ میونسپلٹی اور ٹوکیو میں قائم فارماسیوٹیکل فرم ارتھ کارپوریشن کے درمیان تعاون ہے، جس کے پاس اکو میں تحقیق اور پیداوار کی فیسیلیٹیز موجود ہیں۔

اس کمپنی نے 2020 سے جاپان بھر کی 17 میونسپلٹیوں کے ساتھ مقامی مسائل کو حل کرنے میں مدد کے لیے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ اکو کی مشینیں ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی ہیں۔

کمپنی کے ایک نمائندے کا کہنا ہے کہ ”ہم اسے پورے ملک میں سماجی طور پر مبنی منصوبے کے طور پر پھیلانا چاہیں گے۔“

وینڈنگ مشینیں جاپانی شہروں میں تقریباً ہر گلی میں مل سکتی ہیں اور مختلف قسم کی اشیاء فروخت کرتی ہیں، ان میں سے کچھ تو ریچھ یا وہیل مچھلی کے گوشت جیسی منفرد اشیاء بھی فروخت کرتی ہیں۔

رواں سال کے شروع میں ٹوکیو کے ایک پارک میں ریڈیو سے منسل ایک وینڈنگ مشین خود بخود ہنگامی معلومات نشر کرتی ہے۔

جاپان دنیا کے سب سے زیادہ زلزلے کے شکار ممالک میں سے ایک ہے۔

26 مئی کو ٹوکیو کے مشرق میں 6.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔

earthquake

Japan

Vending Machines

Ako

Hyogo prefecture