Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

نئی سیاسی صف بندی، جہانگیر ترین اور سابقین پی ٹی آئی کے الگ الگ اجلاس

کوئی علیحدہ گروپ نہیں ہوگا، سب ساتھ چلیں گے، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر
اپ ڈیٹ 03 جون 2023 06:49pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

لاہور: سابق وزیراعظم آزاد کشمیرسردار تنویر الیاس سے جہانگیر ترین کی ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق تنویر الیاس کی لاہور میں جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں کے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین سردار تنویر الیاس کو ترین گروپ میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔

دوسری جانب مظفرگڑھ سے سابق ایم پی اے نیازخان گشکوری کی جہانگیر ترین سے ملاقات کرکے ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔

اس کے علاوہ نعمان لنگڑیال اور لالا طاہر رندھاوا، عون چوہدری اور مہرا سلم بھروانہ سمیت ترین گروپ کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پہنچ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جہانگیر ترین کا نئی سیاسی پارٹی بنانے کا فیصلہ، کون کون شامل ہوگا

واضح رہے کہ جہانگیر ترین سے پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کے رابطے جاری ہیں، جہانگیر ترین آج سیاسی رہنماؤں اور اپنے گروپ کے ممبران سے ملاقاتیں کریں گے۔

جہانگیر ترین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تنویر الیاس نے کہا کہ جہانگیر ترین سے بہت پرانا تعلق ہے، ان کے ساتھ مل کر آگے چلنے پر بات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سراج الحق اور چوہدری شجاعت سے بھی ملاقات ہوئی ہے، جب کہ مختلف سیاسی رہنماؤں سے رابطہ کر رہے ہیں، البتہ سیاسی مستقبل کا اعلان بعد میں کریں گے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ملکی معاشی صورتحال تشویشناک ہے، میں نے کبھی نہیں کہا میں آزاد کشمیر کا اسٹیک ہولڈر ہوں، میں پاکستان کا اسٹیک ہولڈر ہوں جب کہ کوئی علیحدہ گروپ نہیں ہوگا، سب ساتھ چلیں گے۔

اس موقع پر نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا نظریہ چھوڑ کر آنے والوں کو ویلکم کریں گے، 9 مئی کے واقعات کی وجہ سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، لہٰذا ان واقعات کی مذمت حب الوطنی ہے۔

پی ٹی آئی کے سابقہ دوستوں کا الگ گروپ ملکر آئندہ انتخابات میں حصہ لے گا، ہاشم ڈوگر

دوسری جانب تحریک انصاف چھوڑنے والے سابق اراکین صوبائی اسمبلی نے الگ گروپ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ کرنل ریٹائرڈ ہاشم ڈوگر اور مراد راس نے سابق اراکین سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر اور مراد راس نے تحریک انصاف کے سابق رہنماوں اور ٹکٹ ہولڈرز کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا جس کے مقام اور وقت کو پوشیدہ رکھا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی کے 35 سے زائد رہنما اور ٹکٹ ہولڈرز اجلاس میں شرکت کریں گے جس میں نئے گروپ کی تشکیل پر مشاورت ہو گی۔

اس ضمن میں ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے کہ وہ پی ڈی ایم یا ن لیگ کے ساتھ ہرگز ہاتھ نہیں ملائیں گے، پی ٹی آئی کے سابقہ دوستوں کا الگ گروپ ملکر آئندہ انتخابات میں حصہ لے گا۔

سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں اپنے حتمی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی قیادت کے رابطے، اہم فیصلوں کا امکان

خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے رابطے جاری ہیں، پرویز خٹک کے پارٹی عہدہ چھوڑنے کے بعد کی صورتحال پر مشاورت ہوئی ہے جبکہ آئندہ 2 سے 3 روز میں اہم فیصلوں کا امکان ہے۔

پرویز خٹک کے پارٹی صدارت کا عہدہ چھوڑنے کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کے لیے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی قیادت کے رابطے ہونے کی اطلاعات آرہی ہیں۔

اگرچہ سابق گورنر شاہ فرمان، تیمور سلیم جھگڑا، عاطف خان، شہرام ترکئی، مراد سعید ، علی امین گنڈا پورسمیت اہم رہنما نامعلوم مقامات پر روپوش ہیں لیکن بتایا جا رہا ہے کہ روپوشی کے باوجود صوبائی رہنماؤں کے مابین رابطے اور بات چیت جاری ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام رہنما موجودہ صورتحال میں تذبذب کا شکار ہیں اور کارکنوں کے ممکنہ ردعمل کے باعث رہنماؤں کا منظر عام پر آنے سے گریزاں ہیں۔

پارٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 روز میں اہم فیصلوں کا امکان ہے ۔

دوسری طرف علی امین گنڈا پور کے حوالے سے یہ بتایا جا رہا ہے کہ انہوں نے عمران خان کا ساتھ چھوڑنے سے انکار کردیا ہے۔

pti

lahore

Jahangir Tareen

Jahangir Tareen Group

tanvir ilyas