Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

ہم آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں، مریم اورنگزیب

معیشت کا تعلق سیاسی استحکام کے ساتھ جڑا ہے، وزیراطلاعات
شائع 01 جون 2023 07:16pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومت کی نااہلی کے اثرات ہمیں ورثہ میں ملے، گزشتہ حکومت معیشت کا بیڑہ غرق کر کے گئی، پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کو ملتوی کیا، ہم آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں، معیشت کا تعلق سیاسی استحکام کے ساتھ جڑا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح معاشی اور سیاسی استحکام ہے، پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی کی وجہ سےمعیشت تباہ ہوئی، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کی خلاف ورزی کی، ہم نے آئی ایم ایف سے ایک بار پھر بات شروع کی، معیشت کے لیے آئی ایم ایف سے بات چیت کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ نااہلوں نے معیشت کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھائیں، معیشت میں جب بھی بہتری آئی یہ لوگ حملہ آور ہوئے، ان لوگوں نے اپنے دور اقتدار میں بھی معیشت پر حملے کیے اور کوشش کی کہ عوام کو ریلیف نہ ملے

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات سب کے سامنے ہیں، لوگوں کے ذہنوں میں نفرت کے بیج بوئے جا رہے تھے، جلاﺅ گھیراﺅ اور نفرت کی سیاست کو فروغ دیا جا رہا تھا، یہ نہیں چاہتے کہ کہیں اس ملک میں معیشت بہتر نہ ہو جائے، مسلح جتھوں نے 9 مئی کو ملکی حساس اور عسکری تنصیبات پر حملے کیے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ایک سال سے منصوبہ بندی کی جارہی تھی، ہم ایک سال سے تباہ حال معیشت کی بہتری کے لیے کام کررہے ہیں، یہ لوگ ایک سال سے حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں گمراہی کا زہر ختم ہوتا ہوا نظر آرہا ہے، ملک میں نفرت اور انتشار انگیزی ختم ہوتی نظر آرہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ایل پی جی کی قیمت میں واضح کمی ہوئی ہے، خوردنی تیل کی قیمت میں بھی 60 سے 70 روپے کی کمی ہوئی ہے، آٹے اور گندم کی قیمت میں بھی 35 سے 40 روپے کی کمی ہوئی، آج ڈالر کی قیمت میں بھی واضح کمی آئی ہے۔

وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے کسانوں کو سستی بجلی اور گیس فراہم کی، حکومت نے آسان ترین شرائط پر کسانوں کو قرض دیا، ہم تباہ حال معیشت کو بہتری کی طرف لارہے ہیں، سیلاب اور معاشی مشکلات کے باوجود ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، زرعی ٹیوب ویلز کو مکمل طور پر سولرسسٹم پر منتقل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آج پھر آٹا 35 روپے کلو ہو، ہم چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں، ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام دوبارہ شروع کیا، انہوں نے 10 سال میں خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کو تباہ کیا۔

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومتیں ملک میں سیاسی استحکام لاتی ہیں، ان لوگوں نے معیشت کو تباہ کردیا، انہوں نے 2013 سے 2018 کے درمیان ہونے والی ترقی کو تباہ کردیا، کچھ لوگ ملک میں اپنی سیاست کے لیے لاشیں چاہتے تھے، پاکستان کے عوام بھیڑ بکریاں نہیں۔

معاشی ماہرین اعشاریوں کو دیکھ رہے ہوتے ہیں،چند دنوں میں ہی 2 بار پٹرول کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، جلد ہی مہنگائی میں بھی کمی آئے گی، ہم ملک میں سیاسی استحکام لائیں گے، سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی استحکام ہوگا۔

وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے پروگرام شروع کیے، نواز شریف کو جھوٹے کیس میں حکومت سے ہٹایا گیا، نوازشریف نے ملک سے دہشت گردی ختم کی تھی، انہوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا، ان لوگوں نے پارلیمنٹ کے سامنے قبریں کھودیں، ان لوگوں نے بلز نہ بھرنے کی بات کی۔

ملک میں سیاسی استحکام ہمارے ہاتھوں ہی آئے گا، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ بھی ہمارے ہاتھوں ہی ہوگا، ملک میں مہنگائی ضرور ہے، بہتری کی طرف جارہے ہیں، معیشت سوئچ آن اور سوئچ آف بٹن سے نہیں چلتی، مہنگائی میں کمی آئے گی جس میں کچھ وقت لگے گا، ہم معیشت تباہ کرنے والوں کو نہیں،عوام کو جوابدہ ہیں۔

Information Minister

اسلام آباد

imran khan

Maryam Aurangzeb

Politics June 1 2023