Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پیمرا نوٹیفکیشن میں نفرت کا پرچار کرنیوالوں کا ذکر، عمران خان پر پابندی لگائی گئی، پی ٹی آئی

پیمرا نوٹیفکیشن میں نہ تو عمران خان اور نہ ہی پی ٹی آئی یا کسی دوسری سیاسی جماعت کا نام لیا گیا
شائع 31 مئ 2023 11:04pm
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان۔ فوٹو — فائل
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان۔ فوٹو — فائل

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے بدھ کو جاری ایک نوٹی فکیشن میں ٹی وی چینلز کو ہدایت کی کہ وہ نفرت کا پرچار کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کی ترویج نہ کریں۔

تاہم پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے عمران خان پر مکمل میڈیا پابندی لگا دی ہے۔

پیمرا کے نوٹی فکیشن میں 9 مئی کے واقعات کا ذکر کیا گیا ہے اور کہا گیا کہ نفرت کے پرچاری افراد سیاسی گروپوں کی نمائندگی کرتے ہوئے وفاق پاکستان اور ریاستی اداروں کیخلاف عوام کے معصوم ذہنوں کو آلودہ کر رہے ہیں۔ اس گمراہ کن رحجان کی مذمت کی جانی چاہیے اور ایسی سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے میں ملوث لوگوں کا میڈیا پر بائیکاٹ کیا جائے کیونکہ وہ ملک کے امن و سکون کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

’مذکورہ بالا صورت حال کے تناظر میں تمام سٹیلائیٹ چینل کے لائسنس یافت گان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی نفرت کے پرچاری، اس کا ارتکاب کرنے والے اور ان کے سہولت کاروں کی نادانستگی میں ترویج نہ کریں۔ مزید برآں تمام لائسنس یافت گان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ پیمرا کے کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی پابندی کریں۔‘

نوٹی فکیشن میں متعلقہ پیمرا قوانین کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

چار صفحات پر مشتمل اس نوٹی فکیشن میں نہ تو عمران خان اور نہ ہی پی ٹی آئی یا کسی دوسری سیاسی جماعت کا نام لیا گیا ہے۔

تاہم پی ٹی آئی نے ایک ٹوئیٹ میں دعویٰ کیا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے عمران خان کی میڈیا کوریج پر پابندی لگا دی ہے۔

pti

imran khan

PEMRA

politics may 31 2023

Politics June 1 2023