Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کے رہنما مخدوم علی رضا شاہ کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

علی امین گنڈاپور اور علی رضا شاہ گروپ کے درجنوں رہنما پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ گئے
شائع 31 مئ 2023 03:04pm

تحریک انصاف کے رہنما مخدوم علی رضا شاہ نے پارٹی سے راہیں جدا کرلیں، جب کہ علی امین گنڈا پور اور علی رضا شاہ گروپ کے درجنوں رہنما پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ گئے۔

9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد سے اب تک تحریک انصاف کو چھوڑنے والے رہنماؤں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے، پنجاب کے بعد اب خیبر پختون خوا کے پی ٹی آئی رہنما بھی پارٹی سے راہیں جدا کررہے ہیں۔

مخدوم علی رضا شاہ کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور سے تحریک انصاف کے امیدوار قومی اسمبلی مخدوم علی رضا شاہ نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

دوسری جانب ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے پی ٹی آئی کے دو اہم گروپوں علی امین گنڈاپور اور علی رضا شاہ گروپ میں شامل درجن سے زائد رہنما پی ٹی آئی چھوڑ گئے ہیں۔

علی امین گنڈا پور گروپ کے رہنما

علی امین گنڈاپور گروپ میں شامل پی ٹی آئی ڈیرہ اسماعیل خان کے وائس پریزیڈنٹ عرفان خان کامرانی، یوتھ ونگ کے وائس پریزیڈنٹ طاہر زمان استرانہ، رتہ کلاچی ناظم جاوید وزیر، ضلعی ممبر ڈیرہ سٹی شیخ اکمل، سوشل میڈیا ہیڈ انور خٹک، سابقہ ناظم جہانزیب جاوید، ضلعی ممبر خرم شہزاد، ایکٹو ورکر صلاح الدین نیازی اور حفیظ بھٹی نے بھی پریس کانفرنس کرتے ہوئے 9 مئی واقعات کی مذمت کی اور پارٹی سے راہیں جدا کرلی۔

علی رضا شاہ گروپ کے رہنما

ضلع کے دوسرے بڑے گروپ علی رضا شاہ گروپ میں شامل مخدوم علی رضا کے علاوہ ناظم میاں وانڈہ سید دلبر حسین شاہ، ایڈوکیٹ ایکٹیو پی ٹی آئی ممبر سید رضوان شاہ اور گوہر رحمان ( آر ایم خوشحالی بینک) نے بھی پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مخدم علی رضا اور دیگر نامور شخصیات کی علیحدگی کے بعد پہاڑپور سرکل سے پی ٹی آئی کی کمر ٹوٹ جائے گی۔

عمران خان کے دیرینہ ساتھیوں کا بھی پارٹی چھوڑنے کا عندیہ

ذرائع کے مطابق نوشہرہ کی اہم سیاسی شخصیت نے 20 سے 25 ساتھیوں سمیت اڑان بھرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ صوبے کے جنوبی اضلاع اور پشاور ویلی کے رہنماؤں کے الگ گروپ بنائے جانے کی خبریں ہیں، اور ان رہنماؤں کے اہم سیاسی پارٹیوں سے رابطوں کی بھی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کچھ دیرینہ ساتھیوں نے پارٹی چھوڑنے کا عندیہ دے دیا ہے، ان رہنماؤں اور سابق وزرا کے ویڈیو بیانات اور پریس کانفرنس میں 9 اور 10 مئی کے واقعات کی مذمت پہلی ترجیح ہوگی، اہم اعلانات کے حوالے سے جون کا دوسرا ہفتہ اہم ترین ہوگا۔

ذرائع کے مطابق کئی اہم رہنما قبائلی اضلاع اور گلگت بلتستان میں روپوش ہیں، اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اہم رہنما کی فرانس اڑانے بھرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

imran khan

PTI protest

PTI Leaders Left Party

politics may 31 2023