Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شاہ رُخ اور میسی بھی پی ٹی آئی کا ساتھ چھوڑ گئے

جمشید دستی نے پریس کانفرنس کی ویڈیوشیئرکردی
شائع 31 مئ 2023 02:10pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے بالی ووڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

اگرآپ یہ جان کرحیرت زدہ ہیں تو پریشان نہ ہوں، یہ ایک نیا سوشل میڈیا ٹرینڈ ہے جس کا آغاز ٹک ٹاک پرہوا۔

اس ٹرینڈ کے تحت پارٹی چھوڑنے والے افراد جو 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو خیرباد کہنے کا اعلان کررہے ہیں، کی الوداعی پریس کانفرنس سے ان کی آواز کا استعمال کیا جارہا ہے۔

کسی منچلے نے بالی ووڈ اداکار کے ایک ویڈیو کلپ کا استعمال کرتے ہوئے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دکھادیا، کلپ میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا بیک ڈراپ بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

شاہ رُخ کا فرمانا ہے کہ ، ’ ایک سیاسی کارکن کی حیثیت سے میرے لیے پارٹی میں رہنا ناممکن ہے، یہی وجہ ہے کہ میں پی ٹی آئی سے الگ ہو تے ہوئے بنیادی رکنیت اور پارٹی کے ہر عہدے سے مستعفی ہورہا ہوں’۔

سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ ویڈیو کلپ سابق ایم این اے جمشید دستی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’وہی ہوا جس کا ڈر تھا ، شاہ رخ خان نے تحریک انصاف کو خیر آباد کہہ دیا‘۔

اس ٹویٹ سے محظوظ ہونے والوں بیشتر صارفین نے تبصروں میں کہا کہ پریس کانفرنسیں کروانے والے سرپیٹ رہے ہوں گے کہ اس بارکن سے پالا پڑگیا۔’

شاہ رخ کے علاوہ فٹ بال کے سپر اسٹار لیونل میسی کو بھی اسی طرح کی صورتحال میں دیکھا جا سکتا ہے جو پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر رہے ہیں۔

میسی سے کہلوایا جارہا ہے کہ اگر انہوں نے پی ٹی آئی نہ چھوڑی تو حکومت ان سے ورلڈ کپ کا تمغہ چھین لے گی۔

pti

PDM

پاکستان

imran khan

Lionel Messi

shah rukh khan