Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

سولہ سالہ لڑکی کا دہلی میں سر عام بے دردی سے قتل، لوگ تماشائی بنے رہے

21 بار چاقو سے حملہ، متعدد پر سر پر پتھر سے وار۔۔۔
شائع 29 مئ 2023 06:42pm

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اتوار کی رات ایک لڑکی کا انتہائی بے دردی سے قتل کردیا گیا، اور قاتل کوئی اور نہیں بلکہ اس کا عاشق تھا۔

نئی دہلی کے شاہ آباد علاقے کی ایک گلی میں ساکشی نامی ایک 16 سالہ لڑکی سڑک پر جارہی تھی، اسی دوران ساحل نامی 20 سالہ نوجوان جو مبینہ طور پر اس کا عاشق تھا، اس نے اسے گلی میں ہی روکا، اس کے بعد ان دونوں میں بحث ہوئی۔

28 مئی کی رات ساکشی اپنے دوست کی سالگرہ کی تقریب میں جانے کے لیے گھر سے نکلی تھی۔

اس دوران ساحل برہم ہوگیا اور 16 سالہ ساکشی پر چاقو سے دیوانہ وار حملہ کرتے ہوئے اسے بے دردی سے قتل کر دیا۔ ساحل نے ساکشی پر 21 مرتبہ چاقو کے وار کئے۔

افسوسناک بات یہ ہے کہ اس وقت گلی سے کئی لوگ گزر رہے تھے، لیکن کسی نے بھی ساحل کو روکنے یا پکڑنے کی ہمت نہیں کی۔

ساحل نے چاقو سے کئی وار کرنے کے بعد سڑک سے پتھر اٹھا کر ساکشی کے چہرے کو کئی بار کچلا۔ اس بے رحمانہ حملے کے نتیجے میں ساکشی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

ساحل جب ساکشی پر حملہ کر رہا تھا تو گلی میں موجود تمام لوگوں نے اس منظر کو فلم کی طرح دیکھا، مگر کسی نے بھی اسے روکنے کی کوشش نہیں کی، لیکن یہ سب اس گلی میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گیا۔

ملزم ساحل ساکشی کا قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔

نئی دہلی پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر اس کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

نئی دہلی کی ڈی سی پی سمن نلوا نے ساکشی کے قتل پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ملزم کی شناخت کرلی ہے اور بہت جلد اسے پکڑ لیا جائے گا۔

جس کے بعد دہلی پولیس نے ملزم ساحل کو گرفترا بھی کرلیا۔

پولیس نے ملزم کو ریاست اترپردیش کے بلند شہر سے گرفتار کیا ہے۔

نوجوان لڑکی کے قتل میں ملوث ملزم ساحل
نوجوان لڑکی کے قتل میں ملوث ملزم ساحل

دہلی پولیس کے اسپیشل کمشنر دیپیندر پاٹھک نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

New Delhi

Murder