Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

جناح ہاؤس حملے کی ملزمہ خدیجہ شاہ کے میڈیکل اور ملاقات کی درخواست مسترد

گزشتہ روز خدیجہ شاہ کی طبیعت خراب ہوگئی تھی
اپ ڈیٹ 29 مئ 2023 03:25pm

انسداد دہشت گردی عدالت نے خدیجہ شاہ کے میڈیکل اورملاقات کی درخواستیں مسترد کردیں۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس لاہور پر حملے کی مرکزی ملزمہ خدیجہ کے میڈیکل اورملاقات کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے درخواست پر سماعت کی، جب کہ خدیجہ شاہ کے وکیل سمیر کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔

خدیجہ شاہ کے وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ میڈیا پر خدیجہ شاہ کی طبیعت ناساز ہونے کی خبریں چل رہی ہیں، جب سے خدیجہ شاہ گرفتار ہوئی ہے فیملی کو ملنے نہیں دیا گیا۔

وکیل نے استدعا کی کہ جیل حکام سے خدیجہ شاہ کی میڈیکل رپورٹ طلب کی جائے، اور خدیجہ شاہ کی فیملی کو جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے خدیجہ شاہ کے میڈیکل اور ملاقات سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بعدازاں عدالت نے خدیجہ شاہ کے میڈیکل اور ملاقات سے متعلق درخواست خارج کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہرگل نےدرخواست پرفیصلہ سنایا۔

جیل میں خدیجہ شاہ کی طبیعت خراب

گزشتہ روز جناح ہاؤس لاہور پر حملے کی مرکزی ملزمہ اور شناخت پریڈ کے لئے کوٹ لکھپت جیل میں قید ملزمہ خدیجہ شاہ کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔

خدیجہ شاہ 30 مئی تک جوڈیشل ریمانڈ پرجیل میں ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وہ گزشتہ 2 روز سے پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔

خدیجہ شاہ پر الزام

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خدیجہ شاہ سابق مشیر خزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی ہیں اور ان کے خلاف جناح ہاؤس پر حملے کے تمام ثبوت پولیس نے حاصل کر لئے ہیں، ملزمہ 9 مئی کو فون کرکے لوگوں کو بلاتی رہی تھیں۔

خدیجہ شاہ شناخت پریڈ کے لئے جیل منتقل

9 مئی واقعہ میں ملوث ملزمہ خدیجہ شاہ کو 2 خواتین سمیت 24 مئی کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، انسداد دہشتگردی عدالت کی جج عبہر گل نے سماعت کی، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ پر جناح ہاؤس پر جلاؤ گھیراؤ اور حملے کا کیس ہے، ملزمہ کو شناخت پریڈ کے لئے ساتھ لے جانے کی اجازت دی جائے۔

عدالت نے ملزمہ خدیجہ شاہ اور دیگر کو شناخت پریڈ کیلئے 7 روز کیلئے جیل بھجوانے کا حکم دے دیا، اور 29 مٸی کو شناخت پریڈ کا عمل مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے 30 مٸی کو شناخت پریڈ رپورٹ طلب کرلی۔

خدیجہ شاہ کون ہیں؟

خدیجہ شاہ سابق آرمی چیف آصف نواز جنجوعہ کی نواسی اور سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی بیٹی ہیں۔ اور وہ مشہور فیشن برانڈ ”ایلان“ کی کریٹو ڈائریکٹر بھی ہیں۔

PTI protest

pti leaders

jinah house attack

khadija shah