Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

’ایک وقت آئے گا جب عمران خان کا ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں ہوگا‘

مراد سعید کو عمران خان نے چھپایا ہے یا انھیں پتا ہے کہ وہ کہاں چھپے ہیں، فیصل واوڈا
شائع 29 مئ 2023 12:26am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور عمران خان دور میں وفاقی وزیر رہنے والے فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ابھی تو چیئرمین پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں کہ میں جسے ٹکٹ دوں گا وہی جیتے گا لیکن ایک وقت آئے گا جب ان کا ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں ہوگا۔

آج نیوز کے پروگرام روبرو میں بات کرتے ہوئے سابق پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جگہ لینا چاہتے ہیں۔ ابھی تو گھنٹے اور دن گزرے ہیں ابھی دنوں، ہفتوں اور مہینوں میں دیکھیں گے کہ ایک دو لوگ ہی بچیں گے۔ ابھی اور لوگ بھی عمران خان کو مورد الزام ٹھہرا کر پارٹی سے نکلتے اور لاتعلقی کرتے نظر آئیں گے۔ میں ان کے کرپشن کے کیسز بھی سامنے لاؤں گا کہ ان لوگوں نے اقتدار میں آکر جائیدادیں بنائیں۔ سب سے غلط کام جو انھوں نے کیا وہ شہدا کی بےحرمتی کرنے کا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر عمران خان کو 20 سال بعد پتا چلا کہ گٹر کے کیڑوں اور سانپوں کو ملک سونپ رکھا تھا تو انھوں نے کیا ملک چلانا ہے جو ملک کے شہدا کی قبر کا احترام نہ رکھ سکے جو جانور اور انسان میں فرق نہ رکھ سکے جو غلاظت اور صفائی میں فرق نہ رکھ سکے وہ پاکستان کیا سنبھالیں گے شرم آنی چاہیے۔ مجھے نکالنے پر پارٹی کے لوگ میری خبر بنارہے تھے لیکن آج خود ہی خبر بن گئے ہیں۔ عمران خان کہہ رہے ہیں میں جسے ٹکٹ دوں گا وہی جیتے گا لیکن ان کا ٹکٹ لینے والا کوئی ہوگا ہی نہیں

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سب کو معلوم ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کی پگڑی کس نے اچھالی کیا وہ فوج کے سربراہ نہیں تھے۔ کیا فوج کے شہدا کا مذاق نہیں اڑایا گیا ، سب کو پتا ہے کہ فوج کے سپہ سالار کی بات کی جاتی رہی اور اب عمران خان کیسے کہہ سکتے ہیں کہ میں نے فوج کےخلاف بات نہیں کی جبکہ شہدا کی بے حرمتی کرنے کے بعد پی ٹی آئی کارڈ کے پتوں سے بھی زیادہ تیزی سے گری ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مراد سعید کو عمران خان نے چھپایا ہے یا انھیں پتا ہے کہ وہ کہاں چھپے ہیں۔ وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بہت قریب رہا بہت سے احکامات پر عمل بھی کیا اور پیغام رسانی کا کام بھی کرتا رہا اور مراد سعید ساتھ ہی عینی شاہد بھی ہوں گے بہت ساری چیزوں کے تو اس تناظر میں بڑی اہمیت ہے مراد سعید کی۔

فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ اس ساری صورتحال کو دیکھ کر عمران کی ذمہ داری بنتی ہے کہ مراد سعید کی جان و مال کی حفاظت کریں وہ اس ذمہ داری سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔

PDM

imran khan

Murad Saeed

9 May

PTI Leaders Left Party