بہروز سبزواری کا فوج سے متعلق وائرل آڈیو پر وضاحتی بیان جاری
پاکستان کے سینئر اور معروف ترین اداکاروں میں سے ایک بہروز سبزواری نے خود سے منسوب وائرل آڈیو پر وضاحت جاری کی ہے۔
بہروز سبزواری نے اپنے ویڈیو پیغام میں وائرل آڈیو کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (مصنوعی ذہانت) سے بنائی گئی جعلی آڈیو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے فوج کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا اور جو آڈیو وائرل ہوئی وہ جعلی ہے، جو کسی نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے بنائی ہے۔
بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ فوج ہمارا طرۂ امتیاز ہے، فوج نے ہمیشہ پاکستانیوں کے لیے اپنی جان قربان کی ہے اور ہم بھی فوج کے لیے اپنی جان قربان کرسکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اللّٰہ اُن سے حساب لے گا جو لوگ فوج کے خلاف اس طرح کی چیزیں پھیلا رہے ہیں۔
انہوں نے افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مزید کہا کہ جن لوگوں کا دل دُکھا، میں ان کو بتا دوں کہ یہ سب جھوٹ ہے۔ سب اللّٰہ سے دعا کریں کہ پاکستان اور پاکستانی فوج سلامت رہے۔
ان کے بیٹے شہروز سبزواری نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس وضاحتی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے اس کے کیپشن میں لکھا، ’میرے والد کے نام سے منسوب سوشل میڈیا پر وائرل آڈیو سے متعلق والد کی وضاحت‘۔
ساتھ ہی انہوں نے ٹوئٹ میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ”آئی ایس پی آر“ کو بھی ٹیگ کیا ہے۔
بہروز سبزواری کی اس وضاحتی ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین ”سافٹ وئیر اپڈیٹ“ قرار دے رہے ہیں۔
Comments are closed on this story.