Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

یوم تکبیر کی سِلور جوبلی پر وزیراعظم اور فوج کا سائنسدانوں، انجینئیرز کو خراج تحسین

ہم ناممکن کو حقیقت بنانیوالوں کو سلام پیش کرتے ہیں، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 28 مئ 2023 06:47pm
اسکرین گریب/ سوشل میڈیا
اسکرین گریب/ سوشل میڈیا

یوم تکبیر کی سِلور جوبلی پرمُسلح افواج کی جانب سے ملک کو جوہری طاقت بنانے والوں کوشاندار خراج عقیدت کیا جارہا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آج پوری قوم یوم تکبیر کی سلور جوبلی منارہی ہے کم سے کم قابل اعتماد ڈیٹرنس کے کامیابی سے شاندار حُصول کا دن منایا جارہا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس کامیابی سے ہمارے خطے کی طاقت کی ڈائنامکس نے نئی شکل اختیار کی ہے بھرپور چیلجنز کے باوجود اس کامیابی میں کارفرما شاندار دماغوں کو مسلح افواج خراج عقیدت پیش کرتی ہیں ہم ناممکن کو حقیقت بنانے والے سائنسدانوں اور انجینئیرز کو سلام پیش کرتے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ یوم تکبیر کے تاریخی دن، پاکستان کی جانب سے کیے گئے ایٹمی تجربات کی سلور جوبلی کے موقع پر پاک فضائیہ پوری پاکستانی قوم کے عزم کو سلام پیش کرتی ہے۔

ترجمان کہا کہ 28 مئی 1998 کے دِن پاکستان نے بھارت کے اشتعال انگیز ایٹمی تجربات کے جواب میں ایٹمی دھماکے کرکے اپنی ایٹمی صلاحیت کا ثبوت دیا پاک فضائیہ نے اس دوران اپنے سی-130 طیاروں کے ذریعے جوہری اور حساس آلات کو ٹیسٹ سائٹ تک پہنچایا۔

ترجمان نے کہا کہ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے ٹیسٹ سے قبل اور اسکے دوران فضائی سیکیورٹی فراہم کی اس دوران پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے ہائی الرٹ پر رہے جبکہ ہمارے شاہین پائلٹس دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے اور پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہمہ تن تیار تھے۔

ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ اس تاریخی دن کی مناسبت سے پاک فضائیہ، پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ اسی لگن اور عزم کے ساتھ ملک کی فضائی سرحدوں کا دفاع جاری رکھے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے یوم تکبیر کے موقع پر پیغام میں پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن 25 سال قبل بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی تجربات کئے جو خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ناگزیر تھے۔

ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ ہمیں اپنی سیاسی اورعسکری قیادت کو سراہنا چاہیے جس نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہوئے ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لیے اس وقت ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ یوم تکبیر کوئی عام دن نہیں، بلکہ یہ ہماری قوم کے ناقابل شکست دفاع کی منزل کو حاصل کرنے کی کٹھن اور عظیم داستان ہے۔ یہ دن قومی سطح پر موجود تمام سیاسی قوتوں کے اتحاد سے قومی سلامتی کے مقصد کے حصول کی مثال ہے جو ظاہری طور پر ناممکن نظر آرہا تھا۔

انھوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو جیسے اہل بصیرت لیڈر نے پاکستان کا جوہری پروگرام شروع کیا، نڈر قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے میرے لیڈر میاں محمد نواز شریف نے اس حوالے سے تمام دباؤ اور ہر قسم کی لالچ کو رد کرتے ہوئے یقینی بنایا کہ پاکستان جوہری قوت بنے، اس سب کے دوران افواجِ پاکستان نے جوہری پروگرام کی حفاظت کرکے اسے دشمنوں کی بری نظر سے دور رکھا۔

ٹوئٹ میں وزیراعظم نے مزید لکھا کہ اس دن پاکستان نے نہ صرف اپنے دفاع کو نا قابلِ تسخیر بنایا بلکہ خطے میں ہمیشہ کیلئے امن و استحکام کے اصول طے کر دیئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں یومِ تکبیر کی سلور جوبلی پر میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت، سائنسدانوں، انجینئیرز اور ہمارے جوہری پروگرام سے وابستہ تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان کی انتھک محنت، مقصد سے لگن کی بدولت پاکستانی قوم نے ہمیشہ کیلئے اپنے دفاع کو بیرونی خطرات سے محفوظ بنالیا۔

ISPR

Pakistan Air Force

Yaum e Takbeer