Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

کیا پاکستانی عوام کو روسی تیل 100 روپے سستا ملے گا؟

پیٹرول کی قیمت جو 282 روپے فی لیٹر کی ریکارڈ بلند ترین سطح کو چھو چکی ہے، اس وقت 272 روپے فی لیٹر ہے۔
شائع 27 مئ 2023 05:09pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

مبینہ طور پر روس سے سستے تیل کی کھیپ پاکستان پہنچ رہی ہے، اور قیاس آرائیاں ہیں کہ اس سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔ جبکہ بعض حلقوں میں یہ بھی بازگشت ہے کہ روسی تیل پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 100 روپے تک گرا دے گا۔

لیکن وفاقی وزیر احسن اقبال نے ان تمام قیاس آرائیوں کی تردید کردی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ”وائس آف امریکہ“ کو دیے گئے انٹرویو میں پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے تک کمی کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اتنا زیادہ فرق تو نہیں پڑے گا لیکن پیٹرول کی قیمت ضرور کم ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ’100 روپے تک کا اتنا زیادہ فرق تو نہیں پڑے گا لیکن قیمت ضرور کم ہوگی اگر روسی تیل کی خاطر خواہ مقدار پاکستان آئے گی، ابھی ابتداء میں تھوڑی مقدار پاکستان آرہی ہے‘۔

پاکستان اور روس کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے تیل کے معاہدے پر بات چیت جاری تھی، تاہم معاہدہ اپریل میں طے پایا۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ روسی تیل کی پہلی کھیپ مئی کے آخر میں کراچی آنے کے امکانات ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر پہلی کھیپ آسانی سے ملک میں آگئی تو پاکستان ایک لاکھ بیرل یومیہ روسی خام تیل درآمد کرنے کی کوشش کرے گا۔

اب اپنے انٹرویو میں احسن اقبال نے کہا ہے کہ ابھی روسی تیل کی ایک کم مقدار پاکستان پہنچ رہی ہے، چھ ماہ یا سال بعد جب روس سے زیادہ تیل پاکستان آئے گا تو اس سے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں کمی کرنے میں مدد ملے گی۔

خیال رہے کہ پیٹرول کی قیمت جو 282 روپے فی لیٹر کی ریکارڈ بلند ترین سطح کو چھو چکی ہے، اس وقت 272 روپے فی لیٹر ہے۔

petrol price

Russian oil

Russian Petrol