Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملیکہ بخاری، مسرت اور جمشید چیمہ کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

13ماہ میں بننے والے بیانیے کی وجہ سے 9 مئی کا واقعہ ہوا، مسرت،جمشید چیمہ
اپ ڈیٹ 25 مئ 2023 11:22pm
ملیکہ بخاری - مسرت اور جمشید اقبال چیمہ
ملیکہ بخاری - مسرت اور جمشید اقبال چیمہ

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ملیکہ بخاری، مسرت اور جمشید اقبال چیمہ نے پارٹی سے راہیں جدا کرلیں۔ ملیکہ بخاری پریس کانفرنس کے دوران آبدیدہ بھی ہوئیں۔

اسلام آباد میں مسرت چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے پی ٹی آئی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ 9 مئی میری زندگی کا بدقسمت ترین دن تھا، خون میں شامل سیاست کو چھوڑنا مشکل کام ہے۔

انھوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، ہم پرُتشدد واقعات کو روکنے میں ناکام ہوگئے۔ عمران خان کی گرفتاری کے بعد حملے کا پروگرام نہیں تھا، جناح ہاؤس کے باہر صرف احتجاج کرنا تھا، لوگوں کا جناح ہاؤس میں داخل ہونا میرے لئے حیران کن تھا۔

انھوں نے کہا کہ 13ماہ میں بننے والے بیانیے کی وجہ سے 9 مئی کا واقعہ ہوا جو ناقابل فراموش ہے، حملےمیں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہئے جس کی ہم حمایت کرتے ہیں۔ مجمعے کا جناح ہاؤس کی طرف جانا بڑی ناکامی ہے، ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں ، سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

جمشید اقبال چیمہ کا کہنا تھا کہ پُرتشدد واقعات کو نہ روکنے پر خود کو ذمہ دار سمجھتے ہیں، ہم ملک کیلئے کچھ کرنے کیلئے سیاست میں آئے تھے، کاش ہم 9 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ سے نکال سکتے، ہمارے وہم وگمان میں بھی نہیں تھا کہ ایسا ہوجائے گا۔

مسرت چیمہ نے کہا کہ ہم نے پارٹی بغیر کسی دباؤ کے چھوڑی ہے، مجھے میرے میاں اور بچوں کی زندگیاں عزیز ہیں، کینسر کے مرض میں مبتلا بیٹے سے کبھی اتنا عرصہ الگ نہیں رہی، عمران خان سمیت ہم سب کو قوم کو جوڑنے کی ضرورت ہے، خان صاحب اور ہم سب کو تعمیری اقدامات کرنے چاہئیں۔ فوج پاکستان کی آزادی کی علامت ہے، اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہو۔

اس سے قبل پی ٹی آئی رہنماء جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کو اڈیالہ جیل سے رہا کریا گیا تھا۔ دونوں رہنماؤں کو دو دن قبل رہائی کے بعد دوبارہ نظر بند کیا گیا تھا۔

ملیکہ بخاری نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا لرلیں

دوسری طرف اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملیکہ بخاری نے 9 مئی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہرپاکستانی شہری کیلئے 9 مئی کا دن تکلیف دہ دن تھا، میں جانتی ہوں عوام کے دلوں میں شہیدوں کیلئے بہت جذبہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں نظام عدل میں کلیدی کردار ادا کرنا چاہتی ہوں، میں نے اپنی فیملی اور وکالت کو وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے، اپنے پروفیشن ، والدہ اور بیٹی کو وقت دینا چاہتی ہوں اس لئے پارٹی چھوڑنے کی مختلف وجوہات ہیں لیکن مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔

جیل میں درپیش پریشانیوں سے متعلق ملیکہ بخاری نے کہا کہ جیل کی مشکلات کا سامنا کرنا مشکل ہے، دلیری سے حالات کا سامنا کیا، جیل میں میرے ساتھ کوئی بدتمیزی نہیں کی گئی، جیل میں سی کلاس تھی، جس سے مشکل ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جو کچھ ہوا اس سے ہر پاکستانی پریشان ہے، 9 مئی کو جو لوگ ملوث تھے ان کےخلاف تحقیقات ہوں گی، ملک کو یکجہتی اور امن کی ضرورت ہے، سب کو ملکر ملک میں امن کو ترجیح دینا چاہئے، عوام ملک میں امن اور بہتر معیشت چاہتے ہیں، لوگوں کی خواہش ہے کہ ملک میں آئین وقانون کی بالادستی ہو۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے کچھ ہی دیر پہلے ملیکہ بخاری کو اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

imran khan

pti leaders

9 May

Politics May 25 2023