Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

یوم تکریمِ شہدائے پاکستان پر وزیراعظم، صدر اور وزیر داخلہ کا اہم پیغام

شہداء ہمارا فخر ہیں، ان کی عزت و تکریم ہم سب پر لازم ہے، محسن نقوی
اپ ڈیٹ 25 مئ 2023 11:42am

یوم تکریمِ شہدائے پاکستان کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت عارف علوی اور وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے پیغام جاری کردیا۔

پوری قوم نے 9 مئی کو صدمے کی حالت میں دیکھا، وزیراعظم

یوم تکریم شہداء کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج قوم اپنے ہیرو اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے، یوم تکریم شہدائے پاکستان انتہائی عقیدت کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں 9 مئی کے المناک واقعات کو محض احتجاج کے طور پر نہیں دیکھتا، 9 مئی کی منصوبہ بندی کرنے والے خطرناک تھے، پوری قوم نے 9 مئی کو صدمے کی حالت میں دیکھا، کچھ لوگوں نے اقتدار کی ہوس میں وہ کام کرنے پر مجبور کیا جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ شہداء کی یادگاروں کو نشانہ بنا کر شرپسندوں نے پاکستان کے نظریے پر حملہ کیا، ملک کے دشمنوں کو جشن منانے کی وجوہات فراہم کیں، ہماری قوم اپنے شہداء کی عزت کی حفاظت کرنا جانتی ہے، ایسے لوگوں کو بے نقاب کرنا ہے جو پاکستان کی بنیادوں کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، 9 مئی نے محافظوں اور اسے کمزور کرنے والوں کے درمیان تقسیم کی لکیر کھینچ دی۔

چیلنجز پر قابو پانے کے لیے اتحاد کی ضرورت ہے، صدر مملکت

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کی سالمیت اور سلامتی ہمارے شہداء کی گراں قدر خدمات کے بغیر ممکن نہیں ہے، آج ہم مادر ِوطن کے لیے عظیم قربانیاں دینے والے اپنے آباؤ اجداد اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی بے مثال جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یوم تکریمِ شہداء منا رہے ہیں۔

عارف علوی نے کہا کہ پاکستان آرمی، رینجرز، ائر فورس، نیوی، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں سمیت ہماری مسلح افواج کے جوانوں نے بہادری اور قربانیوں کی بدولت پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ہے، پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے کیونکہ ہماری تاریخ میں اُنہوں نے آزمائش کی ہر گھڑی میں جذبہ حب الوطنی اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ ملکی سرحدوں کے دفاع کے علاوہ ہماری سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی لعنت کو بھی کامیابی سے شکست دی، آج کے دن عہد کریں ہم اپنے بہادر شہداء کو کبھی نہیں بھولیں گے، ہمیشہ ان کی عزت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، ان چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے، بلاول بھٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے، ہر پاکستانی وطن کے لیے شہید ہونے والوں سے محبے کو فرض سمجھتا ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ جو قومیں اپنے شہداء کو بھول جاتی ہیں ان کا تاریخ میں کوئی نام لیوا نہیں ہوتا، شہداء کے خون کا ہم سب پر قرض ہے، آئیں عہد کریں کہ ملکی خوشحالی و ترقی کے لیے نفرتوں کی دیوار کو گرا دیں گے، شہداء کی قربانیوں کو نہ صرف یاد رکھا جائے گا بلکہ ان کی حرمت پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

شہداء ہمارا فخر ہیں، ان کی عزت و تکریم ہم سب پر لازم ہے، محسن نقوی

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس لائنز گوجرانوالہ میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے، انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں، ان کی عزت و تکریم ہم سب پر لازم ہے۔

یوم تکریم شہداء پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب پولیس لائنز گوجرانوالہ پہنچے ، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔

محسن نقوی نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہداء اور ان کے خاندانوں سے عزت و تکریم کا رشتہ تا ابد قائم رہے گا، قوم شہدائے پاکستان کی قربانیوں کوسلام پیش کرتی ہے اور ان کی میراث کے تحفظ کا عہد کرتی ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ آج کے دن ہم شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ہمارا فرض ہے شہداء کو ہمیشہ عزت اور احترام کے ساتھ یاد رکھیں، وزیر داخلہ

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے یوم تکریم شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہید اپنی زندگی کو قوم کی خاطر قربان کردیتا ہے، شہید قوم اور ملک کا محسن ہوتا ہے، ہمارا فرض ہے شہداء کو ہمیشہ عزت اور احترام کے ساتھ یاد رکھیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حالیہ واقعات میں شہداء کی یادگاروں اور مجسموں کو بے حرمتی کا نشانہ بنایا گیا، شہداء کی فیملیز نے ان واقعات کو انتہائی دکھ کے ساتھ محسوس کیا، ایسے واقعات میں ملوث افراد پاکستانی کہلوانے کے قابل نہیں، تمام ملوث افراد کو سزا دی جائے گی۔

Interior Minister

اسلام آباد

Rana Sanaullah

President Arif Alvi

Pakistan Martyrs Day