Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نظر بندی کے قانون 16 اور 3 ایم پی او کیخلاف درخواست پر مزید دلائل طلب

لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر سماعت ملتوی کردی
شائع 24 مئ 2023 12:31pm
لاہور ہائیکورٹ
لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہاٸیکورٹ نے نظر بندی کے قانون 16 اور 3 ایم پی او کے خلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل طلب کرلیے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے 1960 کے آرڈیننس کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار محمد مقسط سلیم ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اس قانون کے تحت بغیر کسی وجہ سے حکومت گرفتاریاں کر رہی ہے، 1960 کا آرڈیننس آئین سے متصادم ہے، یہ آرڈیننس 1960 میں مارشل لاء دور میں بنایا گیا، 1960 کا آرڈیننس آئین کے آرٹیکل 10 اے اور 14 کی خلاف ورزی ہے، سیاسی عدم استحکام میں اسے استعمال کیا جاتا ہے۔

درخواست گزار نے مزید بتایا کہ اس آرڈیننس کے تحت کسی بھی شخص کو 3 ماہ تک قید میں رکھا جاسکتا ہے، بلاوجہ وجہ گھروں پر چھاپے مار کر توڑ پھوڑ کی جارہی ہے، لوگوں کو غیر قانونی طور پر جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اس قانون کو کالعدم قرار دے، عدالت ریکارڈ منگوائے کہ اب تک اس قانون کے تحت کتنے دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں، اگر قانون رکھنا بھی ہو تو اس کے باقاعدہ آئین کے ڈھانچے میں لایا جائے۔

عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

Lahore High Court

politics may 24 2023

Detention Laws