Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’تمہاری کابینہ گرفتاری پر روتی اور تمہیں چھوڑتی جا رہی ہے‘

اصل سیاسی جماعت اور مسلح جتھوں میں فرق ہے، مریم ارنگزیب کے عمران خان اور پی ٹی آئی پر طنز
اپ ڈیٹ 23 مئ 2023 07:43pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم ارنگزیب نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تم اور تمہاری کابینہ گرفتاری پر روتی اورتمہیں چھوڑتی جا رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ 75 سال کی ملکی تاریخ میں سیاسی قائدین نے سیاسی مخالفت کی لیکن تم پہلے آر ٹی ایس ساختہ شخص ہو جس نے ملک کے ساتھ دشمنی کی، سیاسی مخالفین، میڈیا کے ساتھ دشمنی کی۔

انھوں نے کہا کہ تم اور تمہاری کابینہ گرفتاری پر روتی، بھاگتی، گیدڑوں کی طرح چھپتی پھرتی ہے، تمہیں چھوڑتی جا رہی ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ تم توشہ خانہ کے چور، جھوٹے، فارن ایجنٹ، القادر ٹرسٹ کے 60 ارب کے ڈاکو ہو اور تم اور تمہارے جتھوں نے وطن پر لشکر کشی کی اور کروائی، ہم سے اپنا موازنہ نہ کرو۔

سب سے بڑھ کر ناقابل معافی جرم

مریم اورنگزیب نے مزید لکھا کہ تمہارا سب سے بڑھ کر ناقابل معافی جرم یہ ہے کہ تم نے ریاست کے ساتھ دشمنی کی لیکن ہم نے بہادری سے تمہارے جبر کا سامنا کیا اور ملک، جمہوریت اور سیاست کی حفاظت کی اور کرتے رہیں گے۔

سیاسی جماعت اور مسلح جتھوں میں فرق

لیگی رہنما نے کہا کہ پنجاب کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو جیل میں ڈالا کیونکہ تمہاری چوری، نااہلی اور عوام دشمنی پر سوال اٹھاتے تھے۔ یہ فرق ہوتا ہے حقیقی اور مصنوعی سیاسی جماعتوں اور قیادت میں۔ اصل سیاسی جماعت اور سیاست کے لبادے میں مسلح جتھوں میں یہ فرق ہوتا ہے۔

فسطائیت کے ثبوت

ٹوئٹ میں مریم اورنگزیب نے مزید لکھا کہ یہ تمہاری طرح آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے بنائی تصویریں نہیں بلکہ تمہارے سیاہ دور کی بدترین فسطائیت کے جیتے جاگتے ثبوت ہیں۔ جب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت اپوزیشن بینچز کی پہلی دو قطاریں اپوزیشن لیڈر سمیت جیل میں تھیں۔

مریم نواز کو سزائے موت کی چکی میں ڈالا

مزید لکھا کہ ہماری بہو بیٹیاں بہنیں تمہارے کم ظرف وحشیانہ انتقام کا نشانہ بنیں۔ تم نے مریم نواز کو نواز شریف کی کمزوری سمجھ کر باپ کے سامنے گرفتار کیا اور سزائے موت کی چکی میں ڈالا، ہمارے بارے میں عدالتی فیصلے پڑھو اور شرم کرو۔

جھوٹے مقدمات

وفاقی وزیر نے مزید لکھا کہ چئیرمین نیب کو بلیک میل کرکے طیبہ گل کو اغوا کرکے تم نے ہمارے خلاف 15 کلو ہیروئن سمیت بغیر تحقیقات کی جھوٹے مقدمات بنائے اور جیلوں میں ڈالا۔ تم اور تمہارے مسلح جتھوں پر قومی وحساس عمارتوں پر حملے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی، ریڈیو پاکستان، مساجد، اسکول، اسپتال اور ایمبولنسز جلانے کے جرم پر مقدمے بنے۔

چار نسلوں کا حساب

مریم ورنگزیب نے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ ناحق سزا پانے والوں اور چوروں میں موازنے کا آئینہ پیش ہے۔ تم نے ہمارے خلاف ہر جھوٹا مقدمہ بنایا لیکن قائد نواز شریف سمیت ہم ڈٹ کر کھڑے رہے، سرخرو ہوئے کیونکہ عوام اور قیادت کو پتہ تھا کہ ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی، اور امانت سمجھ کر عوامی خدمت کی، اسی لئے بہادری سے ڈٹ کر کھڑے رہے۔ یہ تصاویر جرآت بہادری اور وفاداری کی ناقابل فراموش مثالیں ہیں اور تمہاری فسطائیت، بدترین سیاسی انتقام اور ظلم و جبر کے منہ بولتے حقائق ہیں۔ چار نسلوں کا حساب دیا اور سرخرو ہوئے۔

imran khan

pti leaders

9 May

Politics May 23 2023