Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

9 مئی کو منصوبہ بندی کے تحت اہداف کو نشانہ بنایا گیا، احسن اقبال

عمران خان کی زہرآلود سیاست کا نتیجہ 9 مئی کو نکلا، وفاقی وزیر
شائع 21 مئ 2023 02:57pm

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے اپنے حمایتیوں کےذہنوں میں نفرت پیدا کی اور اس زہرآلود سیاست کا نتیجہ 9 مئی کو نکلا۔

نارووال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کو نشانہ بنایا گیا اور نذرآتش کیا گیا، جناح ہاؤس اور شہداء کی یادگاروں پر حملہ افسوسناک ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے اپنے حمایتوں کو انتہا پسندی کی طرف مائل کیا، اور کہا کہ امریکا کی ڈکٹیشن کیوں لیں، یہ اپنے دور میں عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے، اور موجودہ حکومت کو امپورٹڈ کہا، ملکی دشمنی میں اداروں کیخلاف مہم چلائی اور قومی اداروں پرتنقید کی، اپنے حمایتیوں کے ذہنوں میں نفرت پیدا کی، اور پھر اس زہرآلود سیاست کا نتیجہ 9 مئی کو نکلا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کو منصوبہ بندی کے تحت اہداف کو نشانہ بنایا گیا، عمران خان کی گرفتاری کے بعد اہداف کو نشانہ بنانے کا کہا گیا، اور پھر جو کچھ ہوا اس کو سیاسی احتجاج نہیں کہا جاسکتا، کوئی معاشرہ احتجاج کو جلاؤ گھیراؤمیں تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیتا، یہ لوگ پاکستان کو کمزور کرکے غلامی میں دھکیلنا چاہتے تھے، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ ملوث افراد کوسخت سزادی جائے۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ اب عمران خان کی ایک آڈیو سامنے آگئی ہے، آئین توڑنے والا آج ملک میں آئین وقانون کی بات کر رہا ہے، سی پیک تباہ کرنے والا معیشت کی بہتری کی بات کر رہا ہے، ہم مائنس اورپلیس کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم سزا اور جزا پر یقین رکھتے ہیں۔

Ahsan Iqbal

imran khan

PTI protest

imran khan arrested

jinah house attack