Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اہلِ اقتدار نے ظاہر کیا ہے وہ کس قدر پستی کا شکار ہیں، عمران خان

کینسر کے مریض فردوس شمیم نقوی کو زندان میں ڈال دیا گیا،عمران خان
شائع 21 مئ 2023 01:00pm

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ کینسر کے مریض فردوس شمیم نقوی کو زندان میں ڈال کر اہلِ اقتدار نے ظاہر کیا ہے وہ کس قدر پستی کا شکار ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پی ٹی آئی کراچی کے رہنما فردوس شمیم نقوی کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ فردوس شمیم نقوی 27 سال قبل میرے ہمسفر اور پاکستان کو ایک منصفانہ اور انسانی اقدار پر مبنی سماج کی صورت میں ڈھالنے کے خواب میں میرے شراکت دار بنے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ فردوس شمیم نقوی نے جدوجہد کے تمام نشیب و فرازکا پوری ثابت قدمی سے سامنا کیا اور ایمان کی پختہ بنیادوں پر استوار مضبوط کردار ہی تھا، جو بہت سی مایوسیوں کے باوجود ثابت قدمی کا وسیلہ بنا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے مزید کہا کہ فردوس شمیم کینسر کے مرض سے شفایابی کے مراحل میں ہیں، انہوں نے اپنے مرض کا بھی پورے وقار اور ہمت سے مقابلہ کیا، ایسے شخص کو دہشتگردی کے الزام میں زندان میں ڈال کر اہلِ اقتدار نے ظاہر کیا ہے کہ کس قدر پستی کے شکار ہیں۔

فروس شمیم نقوی سکھر جیل منتقل

فردوس شمیم نقوی سمیت 14 ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا دوسری جانب کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی سمیت 14 ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں عمران خان کی گرفتاری پر ہنگامہ آرائی کے مقدمات پر سماعت ہوئی۔

ٹیپوسلطان پولیس نے ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں گرفتار رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی سمیت 14 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔

اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ابتدائی تفتیش اور دیگرکارروائی مکمل کرلی ہے اور 2 ملزمان کے بیانات جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو ریکارڈ کروانا ہیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے فردوس شمیم نقوی سمیت 14 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔

عدالت نے فردوس شمیم نقوی سمیت دیگرملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، جب کہ پولیس نے انہیں کراچی سے سکھر جیل بھیج دیا ہے۔

imran khan

PTI protest

imran khan arrested

firdos shamim naqvi